آزاد کو پدم بھوشن ملنے کا استقبال کیا جانا چاہیے: کرن سنگھ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
 آزاد کو پدم بھوشن ملنے کا استقبال کیا جانا چاہیے: کرن سنگھ
آزاد کو پدم بھوشن ملنے کا استقبال کیا جانا چاہیے: کرن سنگھ

 


آواز دی وائس،  نئی دہلی

 کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کو پدم بھوشن سے نوازے جانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر سیاست کرنا غلط ہے اور ان کو ملنے والے اس اعزاز کا سبھی کو خیر مقدم کرنا چاہئے۔

جمعرات کو یہاں ایک بیان میں ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ مسٹر آزاد کو پدم بھوشن ایوارڈ سے متعلق جو تبصرے کئے جارہے ہیں وہ افسوسناک ہیں۔

آزاد اس اعزاز کے مستحق ہیں اور اس پر کسی قسم کی سیاست کرنا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسٹر آزاد کو 1971 سے جانتے ہیں جب انہوں نے ادھم پور سیٹ سے لوک سبھا الیکشن لڑا تھا۔ اس دوران ایک نوجوان کارکن کے طور پر مسٹر آزاد نے اپنے انتخاب میں جوش و خروش سے حصہ لیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد نے اپنی محنت، لگن اور جدوجہد کی بدولت سیاسی بلندیاں حاصل کی ہیں۔ وہ جموں خطے کے پہلے لیڈر ہیں جو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ بنے۔

وہ سات سال تک راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر رہے اور کانگریس میں کئی اہم ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ سبھی کو مسٹر آزاد کو دیئے گئے ایوارڈ کا احترام کرنا چاہئے۔ اس پر کسی بھی سطح پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

اگر ہمارے کسی ساتھی کی عزت افزائی ہورہی ہے تو اس پر تبصرہ کرنے کی بجائے گرمجوشی سے تعریف کی جانی چاہئے۔