نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ 2018 میں اسی دن شروع کی گئی آیوشمان بھارت اسکیم صحت عامہ کی خدمات میں انقلابی ثابت ہوئی ہے اور اس کے مستفیدین کے لیے مالی تحفظ اور وقار کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس طبی بیمہ اسکیم کے تحت سالانہ پانچ لاکھ روپے کا صحت کا تحفظ فراہم کیا جاتا ہے اور غریب اور 70 سال سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہری اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
مودی نے ‘ایکس’ پر کہا، "آج آیوشمان بھارت کے سات سال مکمل ہو گئے ہیں۔ یہ ایک ایسا اقدام تھا جس میں مستقبل کی ضروریات کا اندازہ لگا کر لوگوں کے لیے اعلیٰ معیار کی ساتھ ساتھ سستی صحت کی خدمات کو یقینی بنانے پر توجہ دی گئی۔ اس کی بدولت بھارت صحت عامہ کی خدمات میں انقلاب دیکھ رہا ہے۔ اس نے مالی تحفظ اور وقار کو یقینی بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "بھارت نے دکھایا ہے کہ کس طرح پیمانہ، ہمدردی اور ٹیکنالوجی انسانی بااختیاری کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔" مودی نے ایک سرکاری ‘ایکس’ ہینڈل کو ٹیگ کیا، جس نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ حکومت کی اس اہم فلاحی اسکیم میں 55 کروڑ سے زیادہ شہری شامل ہیں اور یہ "دنیا کی سب سے بڑی صحت بیمہ اسکیم" ہے۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ اب تک 42 کروڑ سے زیادہ آیوشمان کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ اس اسکیم کی بدولت حکومت کا صحت پر خرچ 29 فیصد سے بڑھ کر 48 فیصد ہو گیا ہے، جبکہ مریض کا خرچ 63 فیصد سے گھٹ کر 39 فیصد رہ گیا ہے۔ پوسٹ میں کہا گیا، لاکھوں خاندان بیماری کے دوران مالی مشکلات سے باہر آ گئے ہیں۔