آیوش ڈاکٹرز کا کیس: لارجر نبچ کے سپرد

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-10-2025
آیوش ڈاکٹرز کا کیس: لارجر نبچ کے سپرد
آیوش ڈاکٹرز کا کیس: لارجر نبچ کے سپرد

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آیوروید، یونانی، ہومیوپیتھی جیسی دیسی طریقۂ علاج سے علاج کرنے والے معالجین (آیوش ڈاکٹرز) کو سروس کی شرائط، ریٹائرمنٹ کی عمر اور تنخواہ کے لحاظ سے ایلوپیتھک ڈاکٹروں کے برابر مانا جا سکتا ہے یا نہیں، اس اہم معاملے پر غور کے لیے اسے ایک بڑی بینچ (لارجر بنچ) کے حوالے کر دیا ہے۔

چیف جسٹس بھوشن رام کرشن گوئی اور جسٹس کے ونود چندرن کی بینچ نے 13 مئی کو اُن عرضیوں پر فیصلہ محفوظ رکھا تھا جن میں عدالت سے یہ واضح کرنے کی درخواست کی گئی تھی کہ آیا سرکاری اسپتالوں اور کلینکوں میں آیوش پیتھی سے علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی سروس شرائط اور ریٹائرمنٹ کی عمر ایلوپیتھک ڈاکٹروں سے مختلف ہو سکتی ہے یا نہیں۔

بینچ نے 17 اکتوبر کو جاری کردہ اپنے حکم میں کہا کہ اس معاملے پر اختلاف رائے موجود ہے کہ کیا دونوں قسم کے ڈاکٹروں کو سروس فوائد (سروس بینیفٹس) میں برابری دی جا سکتی ہے، اور اس لیے اس معاملے میں ایک حتمی اور بااختیار تشریح کی ضرورت ہے۔ ایلوپیتھی کا لفظ ہومیوپیتھی کے بانی سیموئل ہینیمن نے اس وقت کے مرکزی دھارے کی میڈیکل پریکٹس کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا تھا۔

عدالت نے نوٹ کیا کہ اس سے پہلے کے فیصلوں میں اس سوال پر مختلف رُخ اپنائے گئے ہیں کہ آیوش معالجین ایلوپیتھی ڈاکٹروں کی طرح ریٹائرمنٹ کے فوائد اور تنخواہوں کا دعویٰ کر سکتے ہیں یا نہیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ ریاستوں کا یہ مؤقف نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ ایلوپیتھی ڈاکٹروں کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ صرف اس لیے کیا گیا تھا تاکہ عوام کو طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے تجربہ کار ڈاکٹرز دستیاب رہیں۔

سپریم کورٹ نے کہا، ’’ایلوپیتھی میں ڈاکٹروں کی جو کمی ہے، وہ دیسی طریقۂ علاج میں نہیں ہے، خاص طور پر جب آیوش معالجین اہم جان بچانے والے علاج، مداخلتی (interventional) اور سرجیکل کیئر فراہم نہیں کرتے۔‘‘ عدالت نے کہا، ’’ہم سمجھتے ہیں کہ اس مسئلے پر ایک مستند اور حتمی فیصلہ ہونا چاہیے، اس لیے ہم اس معاملے کو ایک بڑی بینچ کو سونپتے ہیں۔

رجسٹری کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اس معاملے کو چیف جسٹس کے سامنے انتظامی طور پر پیش کرے۔‘‘ جب تک بڑی بینچ اس پر فیصلہ نہیں دیتی، عدالت نے ریاستوں اور متعلقہ اتھارٹیز کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ آیوش ڈاکٹروں کو ان کی موجودہ ریٹائرمنٹ عمر کے بعد، ایلوپیتھی ڈاکٹروں کی ریٹائرمنٹ عمر تک، عارضی بنیاد پر (لیکن مکمل تنخواہ اور مراعات کے بغیر) سروس میں رکھ سکتے ہیں۔ اگر بڑی بینچ آیوش ڈاکٹروں کے حق میں فیصلہ دیتی ہے، تو وہ اس توسیعی مدت کے لیے مکمل تنخواہ اور مراعات کے حقدار ہوں گے۔

اگر وہ سروس میں نہ رہے ہوں، تب بھی فیصلہ ان کے حق میں آنے پر انہیں واجب الادا رقم دی جائے گی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ عبوری مدت کے دوران سروس میں باقی رہنے کی اجازت پانے والے آیوش ڈاکٹروں کو ان کی تنخواہ اور مراعات کا آدھا حصہ دیا جائے گا، جسے بڑی بینچ کے فیصلے کی روشنی میں پنشن یا دیگر سروس فوائد میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

عدالت 31 عرضیوں پر سماعت کر رہی تھی اور اس نے کئی وکلاء کے دلائل سنے، جن میں راجستھان حکومت کی جانب سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا اور آیورویدک ڈاکٹروں کی نمائندگی کرنے والے اشونی اپادھیائے شامل تھے۔ گزشتہ سال 3 مئی کو عدالت نے اس معاملے پر سماعت کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی۔