ایکسیوم-4 مشن ہندوستان کے لیے ایک بہترین لمحہ: فضائیہ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-06-2025
ایکسیوم-4 مشن ہندوستان کے لیے ایک بہترین لمحہ: فضائیہ
ایکسیوم-4 مشن ہندوستان کے لیے ایک بہترین لمحہ: فضائیہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ایکسیوم-4 مشن کی تعریف کرتے ہوئے ہندوستانی فضائیہ نے بدھ کو کہا کہ گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا ایک تاریخی خلائی سفر پر روانہ ہوئے ہیں، جو ملک کے وقار کو زمین سے باہر لے جائے گا۔ فضائیہ نے کہا کہ یہ ہندوستان کی مسلسل بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی اس کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے 'ایکس' پر پوسٹ کیا کہ ہندوستان سمیت چار ممالک کے خلا نوردوں کو لے جانے والا یہ خلائی مشن خلائی تحقیق کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 1 منٹ پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی طرف پرواز کے بعد، ہندوستانی فضائیہ نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں اسے "ہندوستان کے لیے ایک شاندار لمحہ" قرار دیا، جو 1984 میں خلا نورد راکیش شرما کے مشن کے بعد آیا ہے۔
فضائیہ نے کہا کہ آسمان کو فتح کرنے سے لے کر ستاروں کو چھونے تک – ہندوستانی فضائیہ کے فضائی سورما کی بے مثال حوصلہ مندی سے متاثر ایک سفر۔ گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا ایک تاریخی خلائی مشن پر روانہ ہوئے، جو ملک کے وقار کو زمین سے باہر لے جائے گا۔
اس کے ساتھ لکھنؤ میں پیدا ہونے والے شکلا کی ایک پروفائل تصویر بھی شیئر کی گئی ہے، جس پر لکھا ہے کہ نیلے رنگ میں تربیت یافتہ، ستاروں کی جانب گامزن
اور ساتھ ہی ایک پیغام دیا گیا کہ اس شاندار مشن میں آپ کی کامیابی کے لیے نیک تمنائیں۔
شکلا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی جانب سفر کرنے والے پہلے ہندوستانی خلا نورد بن گئے ہیں۔ اس سے قبل 41 سال پہلے، 1984 میں، ہندوستان کے راکیش شرما نے سابق سوویت یونین کے سلیوٹ-7 خلائی اسٹیشن کے تحت آٹھ دن مدار میں گزارے تھے۔
فضائیہ نے مزید کہا کہ زمین سے باہر ترنگا لہرانے والے اسکواڈرن لیڈر راکیش شرما کے مشن کے 41 سال بعد، یہ ہندوستان کے لیے ایک شاندار لمحہ ہے۔ یہ صرف ایک مشن نہیں بلکہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
دوسری طرف، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ لکھنؤ سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی خلا نورد گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو ان پر فخر ہے۔ انہیں اور ان کے ساتھی خلا نوردوں کو ان کے اس عظیم مشن میں کامیابی کی دعائیں۔۔۔