گھبراہٹ میں بکنگ سے گریز کریں، انڈین آئل کی اپیل

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-03-2026
گھبراہٹ میں بکنگ سے گریز کریں، انڈین آئل کی اپیل
گھبراہٹ میں بکنگ سے گریز کریں، انڈین آئل کی اپیل

 



نئی دہلی
ملک میں ایل پی جی سلنڈروں کی کمی کی خبروں کے درمیان حکومت نے پیر کو کہا ہے کہ ملک میں خام تیل اور پیٹرول-ڈیزل کی کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے۔ حکومت کے مطابق خلیج فارس سے روانہ ہونے والے ایل پی جی سے لدے دو جہازوں میں سے ایک "شیوالک" پیر کی شام مندرا بندرگاہ پہنچ گیا، جبکہ دوسرا جہاز "نندا دیوی" منگل کو کاندلا بندرگاہ پہنچے گا۔ اس دوران گیس صارفین کے درمیان سلنڈر بک کرنے کی ہڑبونگ مچی ہوئی ہے۔ اسی بیچ انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ (انڈین آئل) نے منگل کو یقین دہانی کرائی کہ ملک بھر میں ایل پی جی کی سپلائی محفوظ اور بلا رکاوٹ جاری ہے، اگرچہ کچھ گھرانے معمول سے پہلے ریفل بک کروا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کمپنی نے کہا کہ وقت سے پہلے یا گھبراہٹ میں کی گئی بکنگ سے طلب میں عارضی اضافہ ہو رہا ہے اور ڈیلیوری کے وقت پر اثر پڑ رہا ہے۔ کمپنی نے کہا، "آپ کی ایل پی جی سپلائی محفوظ اور بلا رکاوٹ ہے۔ انڈین آئل ملک بھر کے گھروں تک ایل پی جی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ کچھ صارفین معمول سے پہلے ہی ریفل بک کر رہے ہیں، تاہم جلدبازی میں کی گئی بکنگ سے طلب عارضی طور پر بڑھ سکتی ہے اور سپلائی کے نظام پر دباؤ پڑ سکتا ہے۔
کمپنی نے اس بات پر زور دیا کہ صارفین کو ایل پی جی ریفل صرف ضرورت کے وقت ہی بک کرنی چاہیے تاکہ بروقت تقسیم ممکن ہو سکے۔ آئل کمپنی نے کہا، "ایک چھوٹا قدم بڑا فرق لا سکتا ہے، براہِ کرم اپنی ایل پی جی ریفل صرف ضرورت کے وقت ہی بک کریں اور گھبراہٹ میں بکنگ سے گریز کریں۔ ہماری ٹیمیں اور ڈسٹری بیوٹرز ملک بھر میں گھروں تک سلنڈر پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
ایچ پی سی ایل نے بھی کہا—سی این جی کی سپلائی جاری
اس سے پہلے پیر کو ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ  نے بھی کہا تھا کہ سی این جی کی سپلائی مسلسل جاری ہے۔ کمپنی نے ایکس پر لکھا کہ "گھریلو پائپڈ گیس اور گاڑیوں کے لیے سی این جی کی 100 فیصد یقینی سپلائی جاری ہے۔ صارفین کو پہلے کی طرح باقاعدہ اور مکمل سپلائی ملتی رہے گی۔ افواہوں پر نہیں بلکہ حقائق پر بھروسہ کریں۔
مغربی ایشیا کے تنازع کے باعث ایل پی جی کی کمی
مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے باعث عالمی توانائی سپلائی میں خلل پیدا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایل پی جی اور خام تیل کی دستیابی متاثر ہوئی ہے۔ پیر کو مرکزی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی گیس سریش گوپی نے کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاکہ عالمی توانائی کی قلت کا اثر عام لوگوں پر نہ پڑے۔
وزیر نے کہا کہ ایل پی جی کے حوالے سے کوئی سنگین مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم متبادل اقدامات بھی تلاش کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ ان ریاستوں میں حکمران جماعتوں کے ساتھ تعاون پر غور کرے جہاں وہ برسرِ اقتدار ہیں۔ انہیں ان لوگوں سے بات کرنی چاہیے جو عوام کے لیے خوراک کے انتظامات سنبھال رہے ہیں، وہ متبادل راستے تجویز کر سکتے ہیں۔ ہم مغربی ایشیا کی صورتحال کے باعث پیدا ہونے والے اس سنگین بحران سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ جانتے ہیں کہ آبنائے ہرمز ہمارے حق میں ہے، آئیے اس کے مثبت نتائج کا انتظار کریں۔
حکومت نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایل پی جی سپلائی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور گھریلو ایل پی جی پیداوار میں 36 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حکام کے مطابق آن لائن ایل پی جی سلنڈر بکنگ تقریباً 84 فیصد سے بڑھ کر 90 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومتیں ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔