۔14اگست: مودی نے تقسیم کے زخموں کو یاد کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-08-2025
۔14اگست: مودی نے تقسیم کے زخموں کو یاد کیا
۔14اگست: مودی نے تقسیم کے زخموں کو یاد کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہر سال 14 اگست کو منایا جانے والا ’’تقسیم  ہولناک یادگاری دن‘‘ عوام کو اس ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ وہ ملک کو ایک لڑی میں پروئے رکھنے والے ہم آہنگی کے رشتے کو مزید مضبوط کریں۔ وزیر اعظم مودی نے لاکھوں لوگوں کو اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور کرنے والے ناقابلِ بیان درد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہندوستان کو اُس انتشار اور تکلیف کی یاد دلاتا ہے جو ملک کی تاریخ کے اُس المناک باب میں بے شمار لوگوں نے جھیلا تھا۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر لکھا کہ یہ اُن کے حوصلے کو سلام کرنے کا دن بھی ہے۔ (یہ) ناقابلِ تصور نقصان برداشت کرنے اور پھر بھی نئی شروعات کرنے کی طاقت حاصل کرنے کی اُن کی صلاحیت کا اعتراف ہے۔ متاثر ہونے والے کئی لوگوں نے اپنی زندگی نئے سرے سے شروع کی اور شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ ملک میں 14 اگست ’’تقسیم ہولناک  یادگاری دن‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔
وزیر داخلہ شاہ کا بھی پیغام
وزیر داخلہ امت شاہ نے لکھا کہ یہ دن ملک کی تقسیم اور اس سانحے کے شکار لوگوں کے درد کو یاد کر کے ہمدردی ظاہر کرنے کا دن ہے۔ اس دن کانگریس نے ملک کو ٹکڑوں میں بانٹ کر ماں ہندوستانی کے وقار کو ٹھیس پہنچائی۔ تقسیم کے باعث تشدد، استحصال اور ظلم ہوئے اور کروڑوں لوگوں نے بے گھر ہونے کا کرب جھیلا۔ میں اُن تمام لوگوں کو دل کی گہرائی سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ملک اس تقسیم کی تاریخ اور درد کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔ میں تقسیم کی اس بھیانک صورت میں اپنی جان گنوانے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔
سال 1947 میں 14 اگست کو پاکستان اور 15 اگست کو ہندوستان کو ایک الگ ملک قرار دیا گیا۔ اندازہ ہے کہ تقسیم کے دوران فرقہ وارانہ تشدد میں لاکھوں لوگ مارے گئے تھے۔