نئی دہلی / آواز دی وائس
دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر ہونے والا حملہ ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔ شالی مار باغ میں واقع وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ سے حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ واضح ہوا ہے کہ حملہ آور نے اس حملے کی تیاری کم از کم 24 گھنٹے پہلے ہی شروع کر دی تھی۔ یہ اطلاع وزیراعلیٰ کے دفتر سے جڑے افسران کی طرف سے دی گئی ہے۔
سی ایم او کے ایک افسر کے مطابق، فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ حملہ آور نے وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کی ریکی کی، وہاں کی ویڈیو بنائی اور سازش کے تحت حملہ کرنے کی کوشش کی۔ یہ ویڈیو پولیس کو سونپ دی گئی ہے اور اس معاملے کی گہرائی سے جانچ جاری ہے۔
دوسری طرف وزیر کپل مشرا نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا حوصلہ اس سب سے نہ ٹوٹا ہے، نہ ہی وہ رکنے والی ہیں اور نہ ہی ڈرنے والی ہیں۔ وہ عوام کی خدمت کرنے اور جن سنوائی کے لیے پہلے سے بھی زیادہ پُرعزم ہیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کے بعد ہم کافی فکرمند تھے، لیکن ان کا حوصلہ اور بڑھ گیا ہے کیونکہ پوری دہلی سے انہیں فون کالز اور پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس حملے سے جھکنے، ڈرنے یا رکنے والی نہیں ہیں۔ کپل مشرا نے صاف کہا کہ ملزم کے پاس کسی طرح کا کوئی مسئلہ یا کوئی کاغذ نہیں تھا۔ اس کا صرف ایک ہی مقصد تھا کہ وزیراعلیٰ کو گرا کر جان سے مار دے۔ یہ سب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دیگر تحقیقات میں اب تک سامنے آیا ہے۔