دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-08-2025
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر جن سنوائی کے دوران ایک 30 سالہ شخص نے حملہ کر دیا۔  ذرائع نے بتایا کہ ان پر پتھر پھینکا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریکھا گپتا دہلی کے وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر جن سنوائی کر رہی تھیں۔ دہلی پولیس نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر جن سنوائی کے دوران وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملے کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسے سول لائنز پولیس اسٹیشن لے جایا گیا ہے۔
موقع پر موجود ایک عینی شاہد نے  بتایا كہ  دیکھئے پہلی بات تو یہ ہے کہ یہ بالکل غلط ہوا، جن سنوائی پر سب کا حق ہے۔ آج اگر کوئی بھیس بدلا ہوا شخص ان کو تھپڑ مار سکتا ہے تو یہ بہت بڑی بات ہے۔ وہ اپنی کوئی بات بتا رہے تھے اور بات بتاتے ہی فوراً تھپڑ مار دیا، جو بالکل غلط ہے۔ پولیس نے فوراً ہی اسے پکڑ کر لے جایا۔ گرفتار کرنے کے بعد اسے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔
وہیں ایک اور عینی شاہد شیلندر کمار نے کہا  كہ میں اُتم نگر سے سیور کی شکایت لے کر آیا تھا۔ جب میں گیٹ پر پہنچا تو افرا تفری مچ گئی کیونکہ وزیراعلیٰ کو تھپڑ مارا گیا۔ یہ بالکل غلط ہے۔
منجندر سنگھ سرسا نے حملے کی مذمت کی
دہلی کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے کہا كہ میں جن سنوائی کے دوران وزیراعلیٰ پر ہوئے حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ وہ دن رات دہلی کی فکر کرتی ہیں۔ یہ مخالفین کی سازش ہے، انہیں برداشت نہیں ہو رہا کہ ایک وزیراعلیٰ گھنٹوں عوام کے درمیان رہے اور اپنی رہائش گاہ پر لوگوں سے ملے۔ اس لیے اس کے پیچھے ایک سیاسی سازش نظر آ رہی ہے۔ دہلی پولیس اس کی جانچ کر رہی ہے، تمام حقائق سامنے آ جائیں گے۔
سی ایم ریکھا پر حملے کو "عام آدمی پارٹی" نے غلط قرار دیا
عام آدمی پارٹی کی رہنما اور دہلی کی اپوزیشن لیڈر آتشی نے ٹویٹ کیا كہ دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر ہوا حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ جمہوریت میں اختلاف اور احتجاج کی جگہ ہے، لیکن تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ امید ہے کہ دہلی پولیس قصورواروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے گی۔ اور یہ بھی امید ہے کہ وزیراعلیٰ پوری طرح محفوظ ہیں۔
کانگریس کا ردعمل
دہلی کی وزیراعلیٰ پر ہوئے حملے پر کانگریس نے بھی ردعمل دیا۔ دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا كہ یہ بہت ہی افسوسناک ہے۔ وزیراعلیٰ پوری دہلی کی قیادت کرتی ہیں اور میرا خیال ہے کہ ایسی واقعات کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے۔ لیکن یہ واقعہ خواتین کی سلامتی کی بھی پول کھولتا ہے۔ اگر دہلی کی وزیراعلیٰ محفوظ نہیں ہیں، تو ایک عام آدمی یا عام عورت کیسے محفوظ رہ سکتی ہے؟
کانگریس کے  ممبر  پارلیمان پرمود تیواری نے کہا كہ یہ بہت دکھ کی بات ہے؛ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ لیکن بی جے پی تشدد کی جننی ہے۔ لوگ بی جے پی سے ناراض ہیں۔ جس نے بھی یہ کیا ہے اس کی جانچ ہونی چاہیے۔ لیکن، جیسا کہ بی جے پی کہا کرتی تھی کہ جب اروند کیجریوال پر حملہ ہوتا تھا، تو وہ دعویٰ کرتے تھے کہ انہوں نے خود یہ سب کروایا ہے۔ اس لیے اب آپ کو خود دیکھنا ہوگا کہ یہ ایک حادثہ تھا یا انہوں نے ہی کروایا۔ لیکن میں ایک بات بالکل صاف کرنا چاہتا ہوں: اگر یہ حملہ ہوا ہے تو میں اس کی ضرور مذمت کرتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ قصوروار کے خلاف کارروائی ہو۔