نئی دہلی / آواز دی وائس
دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر عوامی سماعت کے دوران ہوئے حملے کے چند دن بعد پولیس نے کہا ہے کہ مرکزی ملزم نے جس چاقو کا استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی، وہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ ملزم راجیش سکریا نے وزیراعلیٰ پر حملہ کرنے کے لیے ایک پھل فروش سے چاقو لیا تھا۔
پولیس نے پہلے بتایا تھا کہ گجرات کے راجکوٹ کا رہائشی سکریا سخت سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے عوامی سماعت میں داخل ہونے سے پہلے ہی چاقو پھینک آیا تھا۔ ایک افسر نے بتایا كہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پہنچنے کے بعد وہ کرول باغ کے ہنومان مندر گیا۔ اسٹیشن سے نکلتے وقت اس نے ایک پھل فروش سے چاقو اٹھایا۔
پولیس نے تحسین کو کیا گرفتار
پولیس نے اتوار کو اس معاملے میں دوسری گرفتاری کی تھی۔ سکریا کے دوست کے بارے میں پولیس نے دعویٰ کیا کہ اسے اس بارے میں پہلے سے علم تھا۔ سکریا اور تحسین دونوں کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، پولیس نے بتایا کہ چاقو راجپور روڈ پر واقع ایک قبرستان سے برآمد ہوا۔ تفتیش سے جڑے ایک افسر نے بتایا كہ وہ دونوں بچپن سے ایک دوسرے کو جانتے تھے اور راجکوٹ چھوڑنے سے پہلے بھی سکریا نے اس سے کہا تھا کہ وہ دہلی میں کچھ بڑا کرے گا۔ تحسین نے اس سے کہا تھا کہ وہ ہر طرح کی مدد کرے گا اور اس نے اسے آن لائن 2,000 روپے بھی ٹرانسفر کیے تھے۔‘‘ دونوں ملزمان کا آمنے سامنے بھی کرایا گیا تھا۔
دہلی کی وزیراعلیٰ پر کب ہوا حملہ؟
واضح رہے کہ دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا 20 اگست کو عوامی سماعت کر رہی تھیں۔ اس دوران ایک شخص نے ان پر حملہ کر دیا۔ یہ ملزم گجرات کے راجکوٹ کا رہائشی راجیش بھائی کھمجی ہے، جسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ بعد میں وزیراعلیٰ کے دفتر نے ایک بیان جاری کر کے اسے قتل کی سازش قرار دیا تھا۔ اس حملے کے بعد سے ہی دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کی سکیورٹی کو لے کر تنازع بڑھ گیا تھا اور اسی وجہ سے مرکزی حکومت نے انہیں زَیڈ کیٹیگری کی سی آر پی ایف سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن اب ایک بار پھر ان کی سکیورٹی کی ذمہ داری دہلی پولیس کو دے دی گئی ہے۔