جھانسی: گینگسٹر سے سیاست دان بننے والے مقتول عتیق احمد کے سب سے چھوٹے بیٹے آبان احمد اور ان کے ایک دوست کی جمعرات کو اتر پردیش کے ضلع جھانسی میں ایک سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق ان کی ایس یو وی بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑی میں سوار دیگر تین افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں سرکاری میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ جھانسی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بی بی جی ٹی ایس مورتی نے صحافیوں کو بتایا کہ صبح تقریباً 10:30 بجے اطلاع ملی کہ ایک ایس یو وی ڈرائیور کے گاڑی پر قابو کھو دینے کے بعد سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔
انہوں نے کہا، ’’حادثے میں دو افراد کی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کا میڈیکل کالج میں علاج جاری ہے۔‘‘ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت آبان احمد، ولد عتیق احمد، ساکن پریاگ راج، اور سونو، ولد راجا، کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب آبان احمد اپنے دو بھائیوں سے ملاقات کے لیے جھانسی جا رہے تھے، جو وہاں جیل میں بند ہیں۔ پولیس نے کہا کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔