ریلوے اسٹیشن پر خواجہ سراؤں کا انسپکٹر پر حملہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-09-2025
ریلوے اسٹیشن پر خواجہ سراؤں کا انسپکٹر پر حملہ
ریلوے اسٹیشن پر خواجہ سراؤں کا انسپکٹر پر حملہ

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش کے دیوریا ریلوے اسٹیشن پر اتوار کی دیر رات مسافروں سے غیر قانونی وصولی کر رہے خواجہ سراؤں نے مداخلت کرنے پر ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کے انسپکٹر پر حملہ کر دیا۔ آر پی ایف نے پیر کو بتایا کہ اس معاملے میں دو خواجہ سراؤں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آر پی ایف انسپکٹر آس محمد نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ دیوریا صدر ریلوے اسٹیشن پر مسافروں نے آر پی ایف کو شکایت کی تھی کہ اسٹیشن پر خواجہ سرا مسافروں کو پریشان کر کے پیسے وصول رہے ہیں۔ محمد نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد وہ خود بغیر وردی پہنے فوری طور پر موقع پر پہنچے اور خواجہ سراؤں کو ایسا نہ کرنے کی وارننگ دی، جس پر وہ ان سے الجھ گئے اور ان پر حملہ کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں سرکاری ریلوے پولیس (جی آر پی) میں مقدمہ درج کر کے دو خواجہ سرا، ساحل اور چاند کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں آر پی ایف انسپکٹر خواجہ سراؤں کے حملے سے بچنے کے لیے بھاگتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔