خلاباز شبھانشو شکلاکا دہلی ایئرپورٹ پر شانداراستقبال

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-08-2025
خلاباز شبھانشو شکلاکا دہلی ایئرپورٹ پر شانداراستقبال
خلاباز شبھانشو شکلاکا دہلی ایئرپورٹ پر شانداراستقبال

 



نئی دہلی / گروگرام: بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے لیے اپنی تاریخی خلائی پرواز مکمل کرنے کے بعد خلائی مسافر شبھانشو شکلا اتوار کی صبح ہندوستان واپس آ گئے۔ شبھانشو گزشتہ ایک سال سے امریکہ میں ایکیسیوم-4 مشن کے لیے تربیت حاصل کر رہے تھے۔

دہلی ایئرپورٹ پر ان کا استقبال مرکزی وزیر جتیندر سنگھ، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور اسرو کے چیئرمین وی. نارائنن نے کیا۔ ان کے ساتھ ان کے بیک اپ خلا باز پرسنت بال کرشنن نائیر بھی ہندوستان واپس پہنچے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شبھانشو شکلا جلد ہی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔

اس کے بعد وہ اپنے آبائی شہر لکھنؤ روانہ ہوں گے۔ وہ 22-23 اگست کو قومی خلائی دن کی تقریب میں شرکت کے لیے دوبارہ دہلی آ سکتے ہیں۔ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے ایکس (سابق ٹویٹر) پر لکھا: ہندوستان کا خلائی فخر، ہندوستان کی مٹی پر واپس آیا۔ ہندوستان ماتا کے سپوت، خلا نورد شبھانشو شکلا آج صبح دہلی پہنچے۔

ان کے ساتھ گروپ کیپٹن پرسنت نائیر بھی تھے، جو گگنیان مشن کے لیے منتخب کیے گئے خلا بازوں میں شامل ہیں۔ واپسی سے قبل شبھانشو نے انسٹاگرام پر جہاز میں بیٹھے اپنی مسکراتی ہوئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: جب میں واپس ہندوستان آنے کے لیے جہاز میں بیٹھا، تو میرے دل میں ملی جلی کیفیات تھیں۔

ان زبردست لوگوں کو پیچھے چھوڑ کر جانے کا دکھ ہے جو گزشتہ ایک سال سے میرے خاندان اور دوست بن چکے تھے۔ لیکن میں اپنے ملک، خاندان، اور دوستوں سے ملنے کے لیے بھی بے تاب ہوں۔ انہوں نے مزید لکھا: الوداع کہنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے، لیکن زندگی آگے بڑھنے کا نام ہے۔ جیسے میری کمانڈر پیگی وٹسن کہتی ہیں: خلا میں واحد مستقل چیز ‘تبدیلی’ ہے، اور یہ زندگی پر بھی لاگو ہوتی ہے۔

شبھانشو نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر بالی وڈ فلم ’سودیش‘ کا نغمہ "یونہی چلا چل راہی، زندگی گاڑی ہے، وقت پہیہ..." یاد کیا۔ یہ نغمہ ان کی پلے لسٹ میں تھا جب وہ 25 جون کو امریکہ سے مشن پر روانہ ہوئے تھے۔

مشن مکمل ہونے کے بعد، شبھانشو شکلا اور ان کے ساتھی بیک اپ خلا باز پرسنت نائیر نے ہیوسٹن میں واقع ہندوستانی قونصل خانے میں یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 79ویں یومِ آزادی کی تقریب کے موقع پر لال قلعے سے خطاب کرتے ہوئے شبھانشو شکلا کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا تھا: گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے واپس آئے ہیں۔ ہندوستان اپنا خلائی اسٹیشن بنانے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔