نئی دہلی: بھارتی فضائیہ نے جمعہ کو بتایا کہ آسام کے کاربی آنگلونگ ضلع میں سکھوئی‑30 ایم کے آئی کے حادثے کا شکار ہونے سے فضائیہ کے دو پائلٹ ہلاک ہو گئے۔ فضائیہ کے مختصر بیان کے مطابق تربیتی مشن پر روانہ ہونے والا سکھوئی-30 ایم کے آئی طیارہ جورہاٹ سے تقریباً 60 کلومیٹر دور کاربی آنگلونگ کے علاقے میں جمعرات کو گر کر تباہ ہو گیا۔
فضائیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا: فضائیہ اسکواڈرن لیڈر انوج اور فلائٹ لیفٹیننٹ پوروَیش دوراگکر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے۔ سکھوئی-30 طیارہ حادثے میں شدید زخمی ہونے کے باعث ان کا انتقال ہو گیا۔ فضائیہ کے تمام اہلکار غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
گوہاٹی میں دفاعی ترجمان نے بتایا کہ طیارے کا ملبہ جمعرات کی رات دیر گئے ملا۔ ایک اہلکار کے مطابق بھارتی فضائیہ کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے فوج، پولیس انتظامیہ اور مقامی دیہاتیوں کی مدد سے رات تقریباً ایک بجے ملبہ تلاش کیا۔ سکھوئی-30 ایم کے آئی روسی طیارہ ساز کمپنی سوخوئی کی تیار کردہ دو نشستوں والا طویل فاصلے تک مار کرنے والا کثیر المقاصد جنگی طیارہ ہے۔
اب بھارت میں لائسنس کے تحت ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ اس کی تیاری کرتا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے بیڑے میں اس وقت 260 سے زائد سکھوئی-30 ایم کے آئی طیارے شامل ہیں۔ اس سے پہلے ناسک ضلع میں جون 2024 میں ایک سکھوئی لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جبکہ جنوری 2023 میں گوالیار فضائیہ اڈہ سے اڑان بھرنے کے بعد ایک اور سکھوئی-30 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔