بے بس اور نہتے لوگوں کے خلاف آسام پولس کی کارروائی وحشیانہ: مولاناارشد مدنی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-09-2021
مولانا ارشد مدنی
مولانا ارشد مدنی

 

 

 نئی دہلی: آسام کے ترانگ ضلع میں دھال پوربستی میں کل آٹھ سوگھروں کو پولس وانتظامیہ کے ذریعہ مسمارکئے جانے کے خلاف اپنی جمہوری حق کے مطابق پرامن احتجاج کررہے بے بس اور نہتے لوگوں کے خلاف ہونے والی پولس کارروائی کو مولانا ارشد مدنی نے انتہائی وحشیانہ قراردیا ہے ۔

 جمعیۃعلماء ہند کے صدرمولانا ارشدمدنی نے کہا کہ یہ ظلم ایساہے جسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظلم وبربریت کا جو ننگاناچ وہاں ہوا ہے اس کے کئی ویڈیوسوشل میڈیا پر دیکھے جاسکتے ہیں یہ ظلم ہندوستان جیسے جمہوری ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے، افسوس اپنے ہی ملک میں اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے پرامن احتجاج کو طاقت کے ذریعہ کچلنے کے لئے غیر قانونی اورتشددکا ایسا وحشیانہ طریقہ اختیارکرنا جسے دیکھ کر انسانیت شرمندہ ہوجائے،کسی بھی مہذہب سماج کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔

مولانا مدنی نے یہ بھی کہا کہ یہ انسانی حقوق کے سنگین پامالی کا معاملہ ہے،اس لئے کہ اگر وہ لوگ سرکاری زمین پر آبادتھے تو قانونی طورپر پہلے نوٹس جاری کیا جانا چاہئے تھا،دوسرے وہ کوئی غیرملکی نہیں ہیں، اسی ملک کے شہری ہیں، اور پچاسوں سال سے آباد ہیں، جن کو یقینا اس وقت وہاں کی گورنمنٹ نے اجازت دی تھی اور بسایا تھا۔

اس لئے اجاڑنے سے پہلے انہیں کوئی متبادل جگہ آبادہونے کے لئے فراہم کی جانی چاہئے تھی، مگر ایسا نہیں کیا گیا، ہمیں بتایا گیا ہے کہ آبادیوں کے اجاڑنے کے اس مہم میں دومسجدوں کو شہید کرنے کے ساتھ ساتھ ایک مدرسہ کو بھی ملبہ کا ڈھیربنادیا گیا ہے۔

وہاں کے لوگ خود کو اس طرح جبراًبے گھر کئے جانے کے خلاف جمہوری طریقہ سے احتجاج کررہے تھے، لیکن ریاستی سرکارکو غالبایہ جمہوری احتجاج راس نہیں آیا اور گولی چلوادی،جس میں میری معلومات کے مطابق دولوگوں کی موت ہوگئی اور بہت سے لوگ شدید زخمی ہیں۔

مولانا مدنی نے اخیر میں کہا کہ آج جمعیۃعلماء آسام کے نائب صدررقیب الحسن گورنر سے ملاقات کررہے ہیں، حکومت سے ہمارامطالبہ ہے کہ اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی جوڈیشنل انکوائری کرائی جائے۔

اجاڑے گئے خاندانوں کی بازآبادکاری کا بندوبست کیا جائے، ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت انسانی حقوق کو اولیت دیتے ہوئے مظلوموں کوانصاف دے گی اورآئندہ ایسی حرکتیں نہیں ہوں گی۔

واضح رہے جمعیۃعلماء آسام کے صدرمولانا مشتاق عنفرابتدائی ہی سے اس سلسلہ میں تگ دوکررہے ہیں اور جمعیۃعلماء آسام مصیبت کی اس گھڑی میں مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔