آسام :اب تک صرف تین غیر ملکیوں کو سی اے اے کے تحت ہندوستانی شہریت ملی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2025
آسام :اب تک صرف تین غیر ملکیوں کو سی اے اے کے تحت ہندوستانی شہریت ملی
آسام :اب تک صرف تین غیر ملکیوں کو سی اے اے کے تحت ہندوستانی شہریت ملی

 



گوہاٹی:آسام میں ترمیم شدہ شہریت قانون (سی اے اے) کے تحت اب تک صرف تین غیر ملکیوں کو ہندوستانی شہریت ملی ہے، جبکہ کُل 12 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔ سرما نے یہاں ایک سرکاری پروگرام سے الگ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں لاکھوں غیر ملکیوں کو شہریت ملنے کے خدشات کے بیچ جب صرف 12 درخواستیں آئیں تو سی اے اے پر بحث کرنا بے معنی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’آسام میں سی اے اے کے تحت اب تک صرف تین لوگوں کو شہریت ملی ہے۔‘‘ تاہم، انہوں نے ان تینوں افراد کی اصل قومیت کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ ان کا کہنا تھا، ’’اب تک ہمیں صرف 12 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 9 درخواستیں ابھی زیر غور ہیں۔‘‘

ترمیم شدہ شہریت قانون (سی اے اے) 2019 کی مخالفت کے پس منظر میں انہوں نے کہا، ’’کہا جا رہا تھا کہ 20 سے 25 لاکھ لوگ آسام میں شہریت حاصل کر لیں گے۔ اب آپ خود طے کریں کہ جب صرف 12 درخواستیں آئیں تو کیا سی اے اے پر بحث کرنا موزوں ہے؟‘‘ قابل ذکر ہے کہ اگست 2024 میں آسام کے 50 سالہ دُلون داس سی اے اے کے تحت شہریت حاصل کرنے والے پہلے شخص بنے تھے۔

سی اے اے کا مقصد پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے 31 دسمبر 2014 تک ہندوستان آنے والے ہندو، جین، عیسائی، سکھ، بدھ اور پارسی برادری کے افراد کو پانچ سال کی رہائش کے بعد ہندوستانی شہریت فراہم کرنا ہے۔ مرکزی حکومت نے 11 مارچ 2024 کو سی اے اے کے قواعد کی نوٹیفکیشن جاری کر کے اسے نافذ کیا تھا۔

گزشتہ سال جولائی میں آسام حکومت نے اپنی بارڈر پولیس یونٹ کو ہدایت دی تھی کہ 2015 سے پہلے ریاست میں داخل ہونے والے غیر مسلم غیر قانونی مہاجرین کے معاملات کو غیر ملکی ٹریبونل (ایف ٹی) کو نہ بھیجا جائے اور انہیں سی اے اے کے تحت شہریت کے لیے درخواست دینے کا مشورہ دیا جائے۔

گزشتہ ماہ، ریاستی حکومت نے سی اے اے کے نافذ ہونے کے بعد تمام اضلاع کو ہدایت دی تھی کہ 2015 سے پہلے ریاست میں آنے والے مشتبہ غیر مسلم غیر قانونی مہاجرین کے خلاف ایف ٹی میں جاری مقدمات واپس لے لیے جائیں۔