آسام حکومت کا بڑا اقدام۔ یو سی سی بل میں دو شادیوں پر پابندی اور سخت سزاؤں کی تجویز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-05-2026
آسام حکومت کا بڑا اقدام۔ یو سی سی بل میں دو شادیوں پر پابندی اور سخت سزاؤں کی تجویز
آسام حکومت کا بڑا اقدام۔ یو سی سی بل میں دو شادیوں پر پابندی اور سخت سزاؤں کی تجویز

 



گوہاٹی:  آسام اسمبلی میں پیر کے روز یکساں سول کوڈ (یو سی سی) سے متعلق ایک بل پیش کیا گیا جس میں کثرتِ ازدواج پر پابندی اور لیو اِن ریلیشن شپ کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دینے کی تجویز شامل ہے۔ تاہم بل میں کہا گیا ہے کہ یہ قانون آسام میں رہائش پذیر درج فہرست قبائل پر لاگو نہیں ہوگا۔

ریاستی وزیر برائے پارلیمانی امور اتل بورا نے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما کی جانب سے ’دی یونیفارم سول کوڈ آسام 2026 بل‘ اسمبلی میں پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ اس وقت دہلی کے دورے پر ہیں۔ پیر کو 16ویں آسام قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس کا تیسرا دن تھا۔ ریاستی کابینہ نے دو ہفتے قبل اس بل کی منظوری دی تھی۔

بل پیش کرنے کے بعد اتل بورا نے کہا ’’میں نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے یہ بل پیش کیا ہے۔ ہمارے وزیر اعلیٰ نے وعدہ کیا تھا کہ اگر دوبارہ اقتدار میں آئے تو اسمبلی کے پہلے اجلاس میں یو سی سی بل پیش کیا جائے گا۔ آج یہ وعدہ پورا ہوگیا۔‘‘

بل کا مقصد مذہب پر مبنی شخصی قوانین کی جگہ ایک مشترکہ سول قانون نافذ کرنا ہے تاکہ قانونی یکسانیت۔ صنفی انصاف اور قانون کے سامنے برابری کو یقینی بنایا جا سکے۔ تاہم بل میں مذہبی اور ثقافتی رسوم کو برقرار رکھتے ہوئے شادیوں کو موجودہ مذہبی روایات اور طریقوں جیسے ویدک بیاہ۔ آہوم چاکلونگ۔ سپتاپدی۔ آشرواد۔ نکاح۔ ہولی یونین اور آنند کارج کے مطابق جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اگر یہ بل منظور ہو جاتا ہے تو آسام یکساں سول کوڈ نافذ کرنے والی ملک کی تیسری ریاست بن جائے گی۔ اس سے قبل اتراکھنڈ اور گجرات اس طرح کے بل منظور کر چکے ہیں۔

کانگریس۔ رائیجور دل اور ترنمول کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں نے اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے بل پیش کرنے سے قبل تمام متعلقہ فریقوں سے وسیع مشاورت کا مطالبہ کیا۔

وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے بل کے ’اسٹیٹمنٹ آف آبجیکٹ اینڈ ریزنز‘ میں کہا ’’یہ بل شادی۔ طلاق۔ وراثت اور لیو اِن ریلیشن شپ سے متعلق قوانین کو یکجا اور آسان بنانے کے لیے لایا گیا ہے۔‘‘ بل کے مطابق مردوں کے لیے شادی کی کم از کم عمر 21 برس اور خواتین کے لیے 18 برس مقرر کی گئی ہے جبکہ کثرتِ ازدواج پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

بل میں شادی اور طلاق کی رجسٹریشن لازمی قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ شریکِ حیات کو نان و نفقہ۔ وراثت اور دیگر قانونی تحفظ حاصل ہو سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ’’پہلی بار اس بل میں لیو اِن ریلیشن شپ کے لیے قانونی فریم ورک فراہم کیا گیا ہے۔ رجسٹریشن لازمی قرار دے کر شراکت داروں اور ایسے تعلقات سے پیدا ہونے والے بچوں کے حقوق کو قانونی تحفظ دیا جائے گا۔‘‘

بل کے مطابق طلاق۔ علیحدگی یا ترکِ تعلق کی صورت میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی تحویل عمومی طور پر ماں کے پاس رہے گی۔ اگر لیو اِن ریلیشن شپ ختم ہو جائے تو مرد شراکت دار کو خاتون کو نان و نفقہ ادا کرنا ہوگا تاکہ اسے مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ہمنتا بسوا سرما نے مزید کہا کہ یو سی سی کا مقصد وراثت کے قوانین کو جدید بنانا ہے تاکہ جائیداد کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا ’’یہ بل وراثت کے لیے یکساں اصول متعارف کراتا ہے تاکہ ریاست کے تمام باشندوں کے لیے اثاثوں کی منتقلی منصفانہ انداز میں ہو۔‘‘

بل ہر بالغ اور صحت مند ذہن رکھنے والے فرد کو وصیت تحریر کرنے اور گواہوں کی موجودگی میں اسے قانونی حیثیت دینے کا حق بھی دیتا ہے۔

بل میں شادی۔ طلاق اور لیو اِن ریلیشن شپ سے متعلق خلاف ورزیوں پر سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ اس کے مطابق دو شادیوں یا کثرتِ ازدواج کی صورت میں بھارتیہ نیائے سنہتا 2023 کی دفعہ 82 کے تحت سات برس تک قید ہو سکتی ہے۔ کم عمری کی شادی اور رضامندی کے بغیر شادی پر پروہبیشن آف چائلڈ میریج ایکٹ 2006 کے تحت دو سال تک قید۔ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔

دھوکہ دہی۔ زبردستی یا حقائق چھپانے کے ذریعے کی جانے والی شادی پر سات برس تک قید اور جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ غیرقانونی طلاق یا قانونی طریقۂ طلاق کی خلاف ورزی پر تین برس تک قید اور جرمانہ ہوگا۔ کسی مطلقہ شخص کو دوبارہ شادی سے پہلے غیرقانونی شرائط پوری کرنے پر مجبور کرنے کی صورت میں تین برس تک قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جا سکے گی۔

ممنوعہ رشتوں میں شادی کرنے پر۔ جب تک کہ معتبر رسم و رواج اس کی اجازت نہ دیں۔ چھ ماہ تک قید اور 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہو سکے گا۔

بل میں لازمی رجسٹریشن نہ کرانے پر بھی سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ شادی یا طلاق کی رجسٹریشن 60 دن کے اندر نہ کرانے پر 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ رجسٹریشن کے دوران جعلی دستاویزات جمع کرانے پر تین ماہ تک قید۔ 25 ہزار روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔

لیو اِن ریلیشن شپ کی ایک ماہ کے اندر رجسٹریشن نہ کرانے پر تین ماہ تک قید یا 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ جھوٹی معلومات فراہم کرنے یا حقائق چھپانے پر تین ماہ تک قید اور 25 ہزار روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

ریاست میں سول قوانین کی تنظیمِ نو کے تحت بل میں آسام کمپلسری رجسٹریشن آف مسلم میریجز اینڈ ڈائیورسز ایکٹ 2024 کو منسوخ کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ تاہم بل میں واضح کیا گیا ہے کہ یو سی سی نافذ ہونے سے قبل کی گئی کثرتِ ازدواج والی شادیاں قانونی طور پر برقرار رہیں گی اور انہیں تحفظ حاصل ہوگا۔

بل میں اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے رجسٹرارز کی تقرری سمیت ضروری انتظامی ڈھانچہ قائم کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ ہمنتا بسوا سرما نے کہا ’’اس سے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ یہ کوڈ صرف ایک پالیسی نہ رہے بلکہ آسام میں سماجی انصاف اور مساوات کا عملی ذریعہ بنے۔‘‘

انہوں نے کہا ’’آئین کا آرٹیکل 44 ریاست کو اپنے شہریوں کے لیے یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی ہدایت دیتا ہے۔ یہ بل اسی اصول کو آسام میں نافذ کرنے کی کوشش ہے تاکہ مذہب سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے لیے مشترکہ قانونی فریم ورک قائم کیا جا سکے۔‘‘

ہمنتا بسوا سرما نے کہا کہ اسمبلی میں بل پیش ہونے سے اس قانون کی ضرورت پر باضابطہ بحث کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’’آسام اسمبلی میں یونیفارم سول کوڈ 2026 بل کا پیش کیا جانا اس بات پر باضابطہ بحث کا راستہ کھولتا ہے کہ #UCCAssam وقت کی ضرورت کیوں ہے اور یہ ہمارے بانیانِ قوم کے تصور کو کیسے حقیقت میں بدل سکتا ہے۔‘‘

بی جے پی کے رکن اسمبلی سوشانتا بوراگوہین نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ قانون تمام برادریوں کو ایک مشترکہ آئینی دائرے میں لائے گا اور خواتین کے حقوق کو مضبوط کرے گا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسام میں کئی طبقات اب بھی الگ الگ شخصی قوانین پر عمل کرتے ہیں جبکہ یو سی سی تمام شہریوں کے لیے یکساں قانونی نظام کو یقینی بنائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک مخصوص مذہبی برادری کی خواتین۔ جو تین طلاق اور کثرتِ ازدواج جیسے مسائل کا سامنا کرتی ہیں۔ اس قانون سے خاص طور پر فائدہ اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا ’’غیرمحفوظ طبقہ خصوصاً خواتین کو اپنے حقوق ملیں گے اور وہ آئین کے تحت ایک ہی قانون کے دائرے میں آئیں گی۔‘‘

بل کی مخالفت کرتے ہوئے کانگریس کے رکن اسمبلی واجد علی چودھری۔ جنہیں بعد میں قائدِ حزبِ اختلاف منتخب کیا گیا۔ نے کہا ’’یو سی سی بل میں کچھ نیا نہیں ہے۔ ہم کانگریس کی جانب سے اس کی مخالفت کریں گے کیونکہ یہ شریعت کے خلاف ہے۔‘‘

اے آئی یو ڈی ایف کے رکن اسمبلی مجیب الرحمٰن نے بھی بل پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ خاص طور پر مسلم برادری کو نشانہ بناتا ہے اور شریعت میں مداخلت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہماری پارٹی یو سی سی کے خلاف ہے اور اس کی حمایت نہیں کرتی۔ کثرتِ ازدواج سے متعلق پہلے ہی قوانین موجود ہیں لہٰذا نئے قانون کی ضرورت نہیں۔ یہ صرف مسلمانوں کے جذبات کو نشانہ بنانے کی کوشش ہے۔‘‘

انہوں نے حکومت پر مہنگائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کا بھی الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا ’’بحث مہنگائی اور عوامی مسائل پر ہونی چاہیے لیکن حکومت یو سی سی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔‘‘

رائیجور دل کے رکن اسمبلی اکھل گوگوئی نے الزام لگایا کہ یہ قانون سیاسی مقاصد کے تحت لایا جا رہا ہے تاکہ وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما بی جے پی قیادت میں اپنی سیاسی حیثیت مضبوط کر سکیں۔ انہوں نے کہا ’’یو سی سی کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔ یہ صرف وزیر اعلیٰ کے سیاسی مستقبل کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔‘‘

کانگریس کے رکن اسمبلی رقیب الدین احمد نے کہا کہ بل ایک مخصوص برادری کے خلاف جانبدارانہ ہے۔ انہوں نے کہا ’’یو سی سی بل صرف ایک مخصوص کمیونٹی کو نشانہ بنانے کے لیے پیش کیا گیا ہے۔‘‘

کانگریس کی واحد مسلم خاتون رکن اسمبلی بیبی بیگم نے بھی بل کی سخت مخالفت کرتے ہوئے حکومت پر اپوزیشن اور اقلیتی برادریوں کے تحفظات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا ’’ہم یو سی سی بل کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں لیکن وہ ہماری بات نہیں سن رہے کیونکہ ان کے پاس اکثریت ہے۔ ہر برادری کا اپنا مذہب اور روایات ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ قدم غلط ہے اور ہم اسمبلی کے اندر اور باہر اس کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے۔‘‘