آسام : سیلاب سے9 کی موت، لاکھوں متاثر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-05-2022
آسام : سیلاب سے نو کی موت،  لاکھوں متاثر
آسام : سیلاب سے نو کی موت، لاکھوں متاثر

 

 

گوہاٹی: آسام کے 27 اضلاع میں پھیلے ہوئے 6.6 لاکھ سے زیادہ لوگ ریاست میں پ مانسون بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ نو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ابتک 48,000 سے زیادہ لوگوں کو 248 ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ہوجائی اور کیچھر سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع ہیں۔ ہر ضلع میں 1 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ فوج نے ہوجائی ضلع میں پھنسے 2000 سے زیادہ لوگوں کو بچایا ہے۔

جنوبی آسام کے دیما ہساو ضلع کا آج پانچویں دن بھی رابطہ منقطع ہے۔ بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ نے دیما ہاساو سے سڑک اور ریل رابطہ منقطع کر دیا ہے۔

بارش نے اتوار سے وادی بارک کے ساتھ ساتھ تریپورہ، میزورم اور منی پور کے اہم حصوں سے سڑک اور ریل رابطہ بھی منقطع کر دیا ہے۔ آسام حکومت مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس چار لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرے گی۔

حکومت نے وادی بارک سے ہوائی جہاز چلانے کے لیے علاقائی ایئر لائن "فلائی بگ" کے ساتھ شراکت داری کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹکٹ کی قیمت 3000 روپے مقرر کی گئی ہے، حکومت اضافی چارجز برداشت کرے گی۔

شمال مشرقی ریاستوں آسام، میگھالیہ اور اروناچل پردیش میں گزشتہ دو دنوں سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ گوہاٹی میں محکمہ موسمیات نے اگلے چار دنوں کے دوران پورے خطے میں بڑے پیمانے پر بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔

 مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آسام کو مرکزی حکومت کی طرف سے ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا ہے۔ ایک ٹویٹ میں، انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی آسام کے وزیر اعلی ہمانتا بسوا سرما سے بات کر چکے ہیں۔ ریاست سیلاب زدہ علاقوں میں ضروری اشیاء کی سپلائی کو برقرار رکھنے اور مواصلاتی ذرائع کو بحال کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔