آسام سیلاب: کھڑگے، راہل نے مستقل حل مانگا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2026
آسام سیلاب: کھڑگے، راہل نے مستقل حل مانگا
آسام سیلاب: کھڑگے، راہل نے مستقل حل مانگا

 



گوہاٹی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے پیر کے روز آسام کے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس مسئلے کے مستقل حل کا مطالبہ کیا۔ اس سال آسام میں سیلاب کے باعث 68 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس مسئلے کے مستقل حل پر زور دیتے ہوئے یاد دلایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اقتدار میں آنے سے قبل یہی وعدہ کیا تھا۔

انہوں نے متاثرہ افراد کے لیے فوری امداد اور بازآبادکاری کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "آسام میں تباہ کن سیلاب سے انتہائی دکھ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 68 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور بڑے پیمانے پر تباہی و مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ ریاست کے 25 اضلاع میں تقریباً 10 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔"

انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ کھڑگے نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو امدادی، بچاؤ اور بازآبادکاری کے کاموں کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے چاہئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ایم کیئرز فنڈ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری طور پر مناسب مالی امداد جاری کی جائے اور ہر ضائع ہونے والی جان، تباہ ہونے والے گھر اور روزگار کے نقصان کا مناسب معاوضہ دیا جائے۔ کھڑگے نے یاد دلایا کہ بی جے پی نے 2016 میں آسام کے لیے اپنے وژن دستاویز میں بار بار آنے والے سیلاب کے مستقل حل کا وعدہ کیا تھا۔

اسی طرح 2021 کے اسمبلی انتخابات کے دوران مرکزی وزیرِ داخلہ نے پانچ برس میں آسام کو "سیلاب سے پاک" بنانے کا یقین دلایا تھا۔ انہوں نے سوال کیا، "بی جے پی کی حکومت کو دس سال ہو چکے ہیں، ان وعدوں کا کیا ہوا؟ آسام کی نام نہاد ڈبل انجن حکومت سیلاب پر قابو پانے، کٹاؤ روکنے اور مؤثر بازآبادکاری کا نظام قائم کرنے میں کیوں ناکام رہی؟" کھڑگے نے کہا کہ آسام کو سائنسی بنیادوں پر تیار کی گئی ایک مستقل حکمتِ عملی کی ضرورت ہے، جس میں جدید پیشگی انتباہی نظام، مضبوط اور باقاعدگی سے مرمت کیے جانے والے بند، آبی ذخائر اور دلدلی علاقوں کی بحالی، موسمیاتی تبدیلی کے مطابق بنیادی ڈھانچہ اور بے گھر خاندانوں کی باعزت بازآبادکاری شامل ہو۔

انہوں نے کانگریس کے رہنماؤں، کارکنوں اور رضاکاروں سے بھی اپیل کی کہ وہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں اور امدادی و بازآبادکاری سرگرمیوں میں تعاون کریں۔ راہل گاندھی نے بھی سیلاب میں جان گنوانے والوں پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک آفت میں ہونے والی اموات کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے سیلاب سے متاثرہ لاکھوں افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں امداد اور بچاؤ کے کاموں میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہر سال آسام میں سیلاب سے ہونے والی جانی و مالی تباہی کو دیکھتے ہوئے اب اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سائنسی بنیادوں پر مبنی حکمتِ عملی اختیار کی جانی چاہیے جس میں سیلاب کی روک تھام، جدید پیشگی انتباہی نظام، مضبوط بنیادی ڈھانچہ اور مؤثر بازآبادکاری کو ترجیح دی جائے تاکہ لوگوں کو ہر سال اس قدرتی آفت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔