آسام:جوبین کی آخری فلم دیکھنے کے لیے سینما گھروں میں ہجوم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2025
آسام:جوبین کی آخری فلم دیکھنے کے لیے سینما گھروں میں ہجوم
آسام:جوبین کی آخری فلم دیکھنے کے لیے سینما گھروں میں ہجوم

 



گوہاٹی: معروف گلوکار اور موسیقار جوبین گرگ کی آخری فلم "رؤی رؤی بنالے" (آنکھوں کے آنسو اب بھی بہتے ہیں) جمعہ کو آسام کے سینما گھروں میں ریلیز ہوئی، جسے دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد امڈ پڑی۔ جوبن کا گزشتہ ماہ سنگاپور میں انتقال ہو گیا تھا۔

فلم کی پہلی اسکریننگ صبح 4:25 بجے گوہاٹی کے ایک ملٹی پلیکس میں ہوئی، جہاں لوگ اپنے پسندیدہ فنکار کو آخری بار بڑے پردے پر دیکھنے کے لیے قطاروں میں کھڑے نظر آئے۔ ریاست کے تمام شہروں میں صبح سے ہی فلم کی نمائش شروع ہو گئی، اور اسے پورے ملک میں بیک وقت ریلیز کیا گیا۔

اگلے ایک ہفتے کے تمام شوز کے ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جوبن کی یہ موسیقی سے بھرپور فلم آسامیہ سینما کے تمام سابقہ باکس آفس ریکارڈ توڑ دے گی۔ زیادہ تر سنیما گھروں نے عوامی مانگ کے پیشِ نظر روزانہ سات شوز دکھانے کا فیصلہ کیا ہے، جو اگلی صبح تک جاری رہیں گے۔ "رؤی رؤی بنالے" میں جوبن ایک نابینا موسیقار کا مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔ فلم میں 11 گانے شامل ہیں جن کا موسیقی انہوں نے خود تیار کیا ہے۔

کہانی ایک موسیقار کی زندگی اور اس کے جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔ ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ ان کا کردار سمندر کے کنارے بے ہوش پڑا ہے اور ایک شخص اسے جگانے کی کوشش کر رہا ہے — جو ان کی حقیقی موت سے ایک چونکانے والی مماثلت رکھتا ہے۔ گلوکار کا 19 ستمبر کو سنگاپور میں تیراکی کے دوران سمندر میں انتقال ہوا تھا۔

راجیش بھویان کی ہدایت کاری میں بننے والی 146 منٹ طویل فلم کے پروڈیوسر بھی جوبن خود تھے، اور فلم میں ان کی اہلیہ گریما اور شیامنتک گوتم بھی شامل ہیں۔ آسام کابینہ نے بدھ کو فیصلہ کیا کہ فلم "رؤی رؤی بنالے" سے حاصل ہونے والے جی ایس ٹی میں ریاست کا حصہ جوبن کے قائم کردہ "کلاگرو آرٹسٹ فاؤنڈیشن" کو دیا جائے گا، جسے انہوں نے دلتوں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کیا تھا۔