آسام: کانگریس نے وزیرِ اعلیٰ کی ویڈیو پر پولیس میں شکایت درج کرائی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-02-2026
آسام: کانگریس نے وزیرِ اعلیٰ کی ویڈیو پر پولیس میں شکایت درج کرائی
آسام: کانگریس نے وزیرِ اعلیٰ کی ویڈیو پر پولیس میں شکایت درج کرائی

 



گوہاٹی: کانگریس کی آسام یونٹ نے منگل کو وزیرِ اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے ایک مبینہ متنازع ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پھیلانے کے معاملے میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ پارٹی کے ایم ایل اے شیومنی بورا اور دیگنت برمن نے گوہاٹی کے دِسپُور پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی۔

آسام کے وزیرِ اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کا ایک مبینہ ویڈیو بی جے پی کی آسام یونٹ نے سات فروری کو اپنے سرکاری ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے شیئر کیا تھا، جس میں سرما کو رائفل سے دو افراد کی طرف نشانہ لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے—جن میں سے ایک نے ٹوپی پہن رکھی ہے اور دوسرے نے داڑھی رکھی ہوئی ہے۔

ویڈیو کے کیپشن میں ’پوائنٹ بلینک شاٹ‘ لکھا ہوا تھا۔ وسیع سیاسی مخالفت کے بعد اس ویڈیو کو ہٹا لیا گیا۔ سرما نے پیر کو کہا کہ انہیں اس ویڈیو کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے۔ ادھر، کانگریس کی ریاستی یونٹ کے صدر گورو گوگوئی نے وزیرِ اعلیٰ پر اپنے ویڈیو کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف “نسل کشی پر اکسانے” کا الزام لگاتے ہوئے پولیس سے از خود نوٹس لینے کی درخواست کی تھی۔

کانگریس نے اپنی شکایت میں کہا کہ ویڈیو میں “سرما کو علامتی طور پر مسلمانوں پر قریب سے گولی چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔” اپوزیشن پارٹی نے دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں شامل کیے گئے متن (ٹیکسٹ) میں “غیر ملکیوں سے پاک آسام” اور “بنگلہ دیشیوں کو کوئی معافی نہیں” جیسے مبینہ جملے درج ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ ایسے جملے ریاست کے بنگالی نژاد مسلمانوں کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جنہیں اکثر تحقیر آمیز طور پر ‘میا’ یا ‘بنگلہ دیشی’ کہا جاتا ہے۔

کانگریس کے اراکینِ اسمبلی نے شکایت میں کہا، کسی مخصوص برادری کو نشانہ بنانے والا یہ مواد نہایت اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ ہے، جو عوام کے درمیان یقینی طور پر سماجی کشیدگی اور نفرت کو جنم دے گا۔ اس سے قبل پیر کو آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسدالدین اویسی نے حیدرآباد پولیس میں شکایت درج کرائی تھی اور ویڈیو کے معاملے میں آسام کے وزیرِ اعلیٰ کے خلاف فوجداری کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

اس پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے سرما نے کہا کہ انہیں ایسے کسی ویڈیو کی کوئی جانکاری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، اگر میرے خلاف کوئی مقدمہ درج ہوا ہے تو مجھے گرفتار کر لیا جائے۔ مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ میں جیل جانے کے لیے تیار ہوں۔ میں ہمیشہ اپنے الفاظ پر قائم رہوں گا۔ میں بنگلہ دیشی دراندازوں کی مخالفت کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا۔