ڈسپور/ آواز دی وائس
آسام کے کچر ضلع میں ہرنگ ندی پر حال ہی میں مرمت کے بعد کھولا گیا پل بدھ کے روز گر گیا، جس کے نتیجے میں زائد وزن لے جا رہے دو ٹرک ندی میں جا گرے اور دونوں ڈرائیور زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع حکام نے دی ہے۔ حکام کے مطابق، سلچر-کلین روڈ پر واقع یہ دہائیوں پرانا پل تقریباً دو سال کی مرمت کے بعد پچھلے ماہ دوبارہ عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔ یہ پل آسام کو میگھالیہ سے جوڑتا ہے۔
ضلع کمشنر مردول یادو نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پل پر پہلے ہی پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور مقررہ حد سے زیادہ وزن لے جانے والے گاڑیوں کی نگرانی کے لیے چار چیک پوسٹیں قائم کی گئی تھیں۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ نُمل مہتا نے بتایا کہ دونوں ٹرکوں کے ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غلطی کہاں ہوئی، اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔
پولیس افسر نے کہا کہ پل کے گرنے کے بعد ندی کے دونوں کناروں پر رہنے والے اسکولی بچوں اور مقامی باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ندی پار کرانے کے لیے ہم نے کشتیوں کا انتظام کیا ہے۔ دریں اثناء، مقامی باشندوں نے الزام لگایا کہ مرمت کے دوران ناقص میٹریل استعمال کیا گیا، جس کی وجہ سے پل گر گیا۔
ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ضلع کونسل کی ممطر فریدہ پروین لسکر نے دعویٰ کیا کہ پل کی وزن برداشت کرنے کی حد 40 ٹن تھی، لیکن یہ ٹرک تقریباً 120 سے 130 ٹن پتھر لے جا رہے تھے۔