نئی دہلی: چار ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے کے حالیہ انتخابی نتائج کے بعد الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعداد و شمار کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ آسام میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے حق میں ووٹ شیئر میں 4.6 فیصد اضافہ ہونے سے اسے 2021 کے مقابلے میں 22 زیادہ نشستیں حاصل ہوئیں اور پارٹی نے مجموعی طور پر 82 نشستیں جیت لیں۔
اس کے برعکس انڈین نیشنل کانگریس کے ووٹ شیئر میں محض 0.17 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا، لیکن اس کی نشستیں کم ہو کر 29 سے گھٹ کر 19 رہ گئیں۔ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے مجموعی طور پر 102 نشستیں جیتیں، جو اس کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔ یہ تعداد 126 رکنی اسمبلی میں اکثریت کے لیے درکار 64 نشستوں سے کہیں زیادہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بی جے پی کو اس بار 37.81 فیصد ووٹ حاصل ہوئے، جبکہ 2021 میں اس کا ووٹ شیئر 33.21 فیصد تھا، جب اس نے 60 نشستیں جیتی تھیں۔ دوسری جانب کانگریس کا ووٹ شیئر 29.67 فیصد سے بڑھ کر 29.84 فیصد ہو گیا، لیکن اس کے باوجود اس کی نشستوں کی تعداد میں کمی دیکھنے کو ملی، جو انتخابی جغرافیہ اور ووٹوں کی تقسیم کے اثرات کو ظاہر کرتی ہے۔