آسام اسمبلی نے کثرتِ ازدواج پر پابندی والا بل منظور کر لیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2025
آسام اسمبلی نے کثرتِ ازدواج پر پابندی والا بل منظور کر لیا
آسام اسمبلی نے کثرتِ ازدواج پر پابندی والا بل منظور کر لیا

 



گُوہاٹی: آسام اسمبلی نے جمعرات کے روز کثرتِ ازدواج پر پابندی لگانے کے لیے ایک بل منظور کیا، جس کے تحت اسے قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا ہے، اور چند استثناؤں کے علاوہ اس پر زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ اس بل میں شیڈولڈ ٹرائب (ایس ٹی) زمرے کے افراد اور چھٹی شیڈول کے دائرے میں آنے والے علاقوں کو اس قانون سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

آسام ملٹی پل میریج پروہیبیشن بل 2025 کی منظوری کے دوران وزیر اعلیٰ ہمنت بسوا شرما نے کہا کہ یہ قانون مذہب سے بالاتر ہے اور اسلام کے خلاف نہیں ہے، جیسا کہ بعض حلقے سمجھ رہے ہیں۔” شرما کے پاس داخلہ اور سیاسی امور کی وزارت بھی ہے۔ انہوں نے کہا، ہندو بھی کثرتِ ازدواج سے محفوظ نہیں ہیں۔ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

اس بل کے دائرے میں ہندو، مسلمان، عیسائی اور تمام دیگر برادریاں آئیں گی۔ وزیراعلیٰ نے تمام اپوزیشن اراکین سے درخواست کی کہ وہ اپنے ترمیمی تجاویز واپس لے لیں تاکہ اسمبلی میں یہ مضبوط پیغام جائے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے یہ بل اتفاقِ رائے سے منظور ہوا ہے۔ شرما کی اپیل کے باوجود آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (AIUDF) اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی (M) نے اپنی ترمیمی تجاویز پیش کیں، تاہم انہیں ووٹوں کی اکثریت سے مسترد کر دیا گیا۔

یکساں سول کوڈ (UCC) کے بارے میں بات کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ اگر وہ اگلے سال ہونے والے آسام اسمبلی انتخابات کے بعد دوبارہ وزیر اعلیٰ منتخب ہوتے ہیں تو یو سی سی کو آسام میں نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، میں ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر میں دوبارہ وزیر اعلیٰ بنا تو نئی حکومت کے پہلے ہی اجلاس میں UCC بل پیش کیا جائے گا اور اسے نافذ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کثرتِ ازدواج پر پابندی، یو سی سی کے نفاذ کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ “فریب یا دھوکے سے کیے جانے والے شادیوں کے خلاف فروری کے آخر تک اسمبلی کے جاری سیشن میں ایک نیا بل لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا، لہٰذا لَو جہاد کے بارے میں ہم نے جو کچھ بھی کہا ہے، ہم اسے پورا کریں گے۔ اس ماہ کے آغاز میں شرما نے اعلان کیا تھا کہ حکومت ’لَو جہاد‘ پر پابندی عائد کرے گی اور اس کے خلاف ایک بل پیش کیا جائے گا۔