یوپی:جبراً مذہب تبدیل کرانے کا الزام، ایف آئی آر درج

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 15-11-2025
 یوپی:جبراً مذہب تبدیل کرانے کا الزام، ایف آئی آر درج
یوپی:جبراً مذہب تبدیل کرانے کا الزام، ایف آئی آر درج

 



مَؤ (اتر پردیش): مَؤ ضلع کے ایک ہندو نوجوان کو آسام لے جا کر مبینہ طور پر جبراً مذہب تبدیل کرانے اور نکاح کرانے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے ہفتہ کے روز یہ معلومات فراہم کیں۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انوپ کمار نے بتایا کہ متاثرہ نوجوان وِشال سنگھ ایک ڈینٹل کلینک میں کام کرتا تھا۔

اس سلسلے میں اتر پردیش غیر قانونی مذہبی تبدیلی ممانعت ایکٹ 2021 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی تفصیلی تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کن حالات میں مذہب تبدیل کرایا گیا۔ انہوں نے کہا، قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پولیس ذرائع نے ’پی ٹی آئی-بھاشا‘ کو بتایا کہ وِشال سنگھ کے گھر والوں نے مقامی عدالت سے رجوع کیا تھا، اور عدالت کے حکم پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ متاثرہ کی والدہ رِنکی کی جانب سے دائر درخواست کے مطابق، وِشال سنگھ نے 2022 میں مَؤ شہر کے اعظم گڑھ موڑ پر واقع ایک ڈینٹل کلینک میں کام کیا تھا۔ اسی دوران امبیڈکر نگر ضلع کے مرادپور گاؤں کی رہائشی سُنَینا پروین (22) اسے اپنے گاؤں لے گئی۔

شکایت میں الزام ہے کہ جب نوجوان گھر واپس آیا تو ملزمہ سُنَینا پولیس کو ساتھ لے کر اس کے گھر پہنچی اور اس کے ساتھ مارپیٹ کی۔ پولیس شکایت میں یہ بھی الزام ہے کہ سُنَینا نے محبت کے جھانسے میں ڈال کر 2022 میں وِشال کو امبیڈکر نگر میں اپنے گھر لے گئی۔ وہاں دو سال تک اسے اذیتیں دی گئیں، اور پھر سُنَینا اپنے گھر والوں کے ساتھ اسے آسام میں اپنی نانی کے گھر لے گئی۔

متاثرہ کے خاندان نے الزام لگایا کہ سُنَینا کے والد اور دیگر رشتہ داروں نے وِشال کا جبراً مذہب تبدیل کرایا، اس کا نکاح کرایا، اور اسے مسجد میں نماز پڑھوائی۔ ملزمان نے اس پوری کارروائی کی ویڈیو بھی بنائی۔ تشدد اور اذیت سے تنگ آ کر وِشال وہاں سے بھاگ کر اپنے گھر مَؤ واپس آگیا اور خاندان کو پوری سچائی بتائی، ساتھ ہی ویڈیو بھی دکھایا۔

وِشال کے اہلِ خانہ نے الزام لگایا کہ انہوں نے کوتووالی تھانے اور ایس پی کے دفتر میں شکایت درج کرائی، لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خاندان کی جانب سے ایسی کوئی شکایت پولیس کے پاس نہیں پہنچی۔ وِشال کے والد وِجے بہادر سنگھ نے کہا کہ دھمکیوں کی وجہ سے وہ خاموش رہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے سُنَینا کے خاندان کا ساتھ دیا اور کسی نے ان کی فریاد نہیں سنی۔

ایڈیشنل ایس پی انوپ کمار نے کہا کہ معاملے کی تفصیلی تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کن حالات میں سُنَینا کے اہلِ خانہ نے وِشال سنگھ پر مذہب تبدیل کرنے کا دباؤ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کمار نے کہا، اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، اور جو بھی قصوروار ہوگا، اسے کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔