ایشیا کپ 2025: ہندوستان۔پاکستان کا مقابلہ ہوگا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-08-2025
ایشیا کپ 2025: ہندوستان۔پاکستان کا مقابلہ ہوگا
ایشیا کپ 2025: ہندوستان۔پاکستان کا مقابلہ ہوگا

 



نئی دہلی: اگلے ماہ منعقد ہونے والے ایشیا کپ 2025 میں ہندوستان کی شرکت کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، وزارتِ کھیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت، ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں کھیلنے سے نہیں روکے گی۔

یاد رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کو 14 ستمبر کو پاکستان کے خلاف اہم میچ کھیلنا ہے، جسے لے کر سیاسی اور سکیورٹی حلقوں میں خاصی بحث جاری ہے۔ وزارتِ کھیل کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اگرچہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ کرکٹ سیریز ممکن نہیں، تاہم ایشیا کپ جیسے "کثیرالملکی ٹورنامنٹس" میں شرکت پر کوئی پابندی نہیں ہو سکتی۔

حکومت نے اس حوالے سے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ایک نئی پالیسی جاری کی ہے، جو پاکستان سے متعلق خاص طور پر ترتیب دی گئی ہے، اور یہ فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے۔ اس پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ کھیلوں سے متعلق ہندوستان کا رویہ، پاکستان کے ساتھ اس کے مجموعی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے تحت: ہندوستان کی ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے نہیں جائیں گی۔

پاکستان کی ٹیموں کو ہندوستان آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ لیکن، بین الاقوامی یا کثیرالملکی ٹورنامنٹس پر یہ پابندیاں لاگو نہیں ہوں گی۔ ذرائع نے کہا: ہمیں اپنی ٹیم کو ایشیا کپ میں شرکت سے نہیں روکنا چاہیے کیونکہ یہ کئی ممالک کا ٹورنامنٹ ہے۔ جب تک پاکستان میزبان نہیں ہے، ہماری ٹیم کو کھیلنے دینا چاہیے۔ ویسے بھی، اگر ہم کھیلنے سے انکار کرتے ہیں تو فائدہ پاکستان کو ہوگا، جبکہ ہمیں اسے میدان اور سرحد دونوں پر شکست دینی ہے۔

یہ پالیسی اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائی گئی ہے کہ ہندوستان مستقبل میں بڑے ایونٹس جیسے 2030 کے کامن ویلتھ گیمز اور 2036 کے اولمپکس کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔ اسی لئے حکومت نے بین الاقوامی کھیلوں کے چارٹر کی پاسداری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے اگلے ماہ بہار میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ ہاکی ایونٹ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا دینے کی اجازت دی، حالانکہ پاکستان نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا۔

ہندوستان نے ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت سوریا کمار یادو کریں گے، جبکہ شبھمن گل نائب کپتان ہوں گے۔ ہندوستان اور پاکستان کا پہلا ٹکراؤ 14 ستمبر کو دبئی میں گروپ اسٹیج میں ہوگا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں سپر 4 اور فائنل میں بھی آمنے سامنے آ سکتی ہیں، یعنی کل تین مقابلے ممکن ہیں۔ 10 ستمبر: بمقابلہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای)۔ 14 ستمبر: بمقابلہ پاکستان۔ 19 ستمبر: بمقابلہ عمان۔

واضح رہے کہ اپریل 2025 میں پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد، ہندوستان نے "آپریشن سندور" کے تحت فوجی کارروائی کی، جس کے بعد پاک-بھارت تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے تھے۔ اسی پس منظر میں ہر بھجن سنگھ اور کیدار جادھو جیسے سابق کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف نہ کھیلنے کا مطالبہ کیا تھا۔