نئی دہلی: حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، جس میں بہار انتخابات میں ووٹر تصدیق کے لیے پہلے سے موجود 11 دستاویزات کے ساتھ ساتھ آدھار کارڈ، ووٹر ID (EPIC) اور راشن کارڈ کو بھی تسلیم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اویسی نے اس فیصلے کو ووٹر تصدیق کے عمل کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں واضح کیا ہے کہ یہ تینوں دستاویزات صرف ریکارڈ رکھنے کے لیے نہیں بلکہ پیدائش کی تاریخ اور مقام کے قابل قبول ثبوت کے طور پر استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ اویسی کے مطابق یہ فیصلہ 1995 کے ’بابو لال حسین کیس‘ میں دی گئی قانونی نظیر پر مبنی ہے اور اسے مکمل طور پر نافذ کیا جانا چاہیے۔
اس معاملے پر AIMIM کے بہار صدر اخترالایمان نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی تھی، جس کی پیروی سینئر وکیل محمد نظام پاشا نے کی۔ اویسی نے اس قانونی کوشش کی تحسین کی اور کہا کہ یہ اقدام بہار کے ووٹروں کے حقوق کی حفاظت کے لیے کیا گیا ہے۔ اویسی نے الیکشن کمیشن (ECI) کے بعض ذرائع پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کر رہے ہیں اور اسے محض ریکارڈ رکھنے تک محدود مان رہے ہیں۔ اویسی نے زور دیا کہ یہ فیصلہ ووٹر کی شناخت کو شفاف اور قابلِ اعتبار بنانے کے لیے دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ بہار میں جاری ووٹر لسٹ کی انٹینسیو رویژن کے عمل کا حصہ ہے، جس کا مقصد ووٹر لسٹ کو اپڈیٹ اور درست بنانا ہے۔
اویسی نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف بہار بلکہ پورے ہندوستان میں ووٹر شناخت کے نظام کو مضبوط بنائے گا۔ AIMIM نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے شناختی دستاویزات یعنی آدھار کارڈ، ووٹر ID اور راشن کارڈ تیار رکھیں، تاکہ تصدیقی عمل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ پارٹی نے عوام میں اس مسئلے پر بیداری مہم چلانے کا بھی اعلان کیا ہے۔