آریان کو آج بھی نہیں ملی ضمانت،کل بھی ہوگی سماعت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-10-2021
آریان کو آج بھی نہیں ملی ضمانت،کل بھی ہوگی سماعت
آریان کو آج بھی نہیں ملی ضمانت،کل بھی ہوگی سماعت

 

 

ممبئی: آرتھر روڈ جیل میں بند آریان خان کو آج بھی ضمانت نہیں ملی۔ بمبئی ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔

معاملے کی سماعت کل دوپہر ڈھائی بجے دوبارہ ہوگی۔ عدالت میں سماعت کے دوران جج نے کہا کہ اے ایس جی کل ایک گھنٹے میں جواب دیں گے، پھر کل معاملہ ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔

بتا دیں کہ آریان خان کی بیل کی درخواست دو بار مسترد ہو چکی ہے۔ وہ 8 اکتوبر سے جیل میں ہیں۔ عدالت میں آریان کے وکیل اور سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے گرفتاری میمو کو دوبارہ دیکھنے کی درخواست کی۔

روہتگی نے کہاکہ آرین کو غلط طریقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ضمانت ملنے کے بعد بھی اس کیس کی تفتیش جاری رہ سکتی ہے۔ ارباز مرچنٹ کے وکیل امیت دیسائی نے آج سماعت کے آغاز میں دلائل پیش کئے۔

انہوں نے بغیر نوٹس کے ملزم کی گرفتاری کو غلط قرار دیا جبکہ پنچنامے پر بھی سوال اٹھایا۔ قبل ازیں منگل کو این سی بی نے آرین کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ باہر آنے پر گواہوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔

یہاں مکل روہتگی نے آرین کی طرف سے پیش ہوکر این سی بی کے پورے نظریہ کو مسترد کردیا اور آرین کو بے قصور قرار دیا۔ منگل کو ہی آرین کے دوست ارباز مرچنٹ کے وکیل نے بھی عدالت میں اپنے دلائل پیش کیے تھے۔

اس کیس کی ایک اور ملزم من من دھامیچا کے وکیل بھی اپنی بات رکھیں گے اور ایڈیشنل سالیسٹر جنرل انل سنگھ این سی بی کی جانب سے تینوں کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے اپنا رخ پیش کریں گے۔

بتا دیں کہ آرین کو 2 اکتوبر کو کروز سے پکڑا گیا تھا اور وہ 8 اکتوبر سے آرتھر روڈ جیل میں قید ہے۔ منگل کو ہی، این ڈی پی ایس عدالت نے اسی معاملے میں گرفتار دو ملزمین منیش گدھیان اور اوین ساہو کو 50،000 روپے کی ضمانت پررہا کردیا ہے۔