کیجریوال نے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-08-2025
کیجریوال نے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا
کیجریوال نے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
دہلی کے رام لیلا میدان میں ایس ایس سی  امتحان میں ہوئی گڑبڑیوں کو درست کرنے کے مطالبے پر دھرنا دے رہے طلبہ پر دہلی پولیس کے لاٹھی چارج کو لے کر عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں نے حکومت پر زبردست حملے کیے۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال، دہلی صوبائی کنوینر سوربھ بھاردواج، سینئر رہنما منیش سسودیا اور قائد حزب اختلاف آتشی سمیت دیگر سینیئر رہنماؤں نے پولیس لاٹھی چارج کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور اسے حکومت کی تاناشاہی قرار دیا۔ عام آدمی پارٹی نے اعلان کیا کہ وہ ایس ایس سی طلبہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ ایس ایس سی امتحان کی گڑبڑیوں کو لے کر طلبہ کئی مہینوں سے انصاف کی لڑائی لڑ رہے تھے۔ ان کی آواز سننے کے بجائے رات کے اندھیرے میں ان پر لاٹھیاں برسائی گئیں۔ سوچیے، جن ہاتھوں میں کل کتابیں ہونی چاہئیں تھیں، آج ان پر زخموں کے نشان ہیں۔ میڈیا کے لوگوں کو بھی خبر کور کرنے سے روکا گیا۔ ملک میں کھلی غنڈہ گردی چل رہی ہے۔ سوال کرنے والوں پر لاٹھی چارج کرا کے ان کی آواز دبائی جاتی ہے۔ کسی کو بھی اٹھا کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے اور جب چاہے کوئی بھی قانون بدل دیا جاتا ہے۔
نیٹ سے لے کر ایس ایس سی تک دھاندلی کا الزام
عام آدمی پارٹی کے دہلی صوبائی صدر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ دہلی میں کئی ہفتوں سے چل رہا ایس ایس سی طلبہ کا احتجاج اتوار کو رام لیلا میدان میں جاری تھا۔ کئی ہفتوں سے ایس ایس سی طلبہ اور ان کے اساتذہ اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔ وہاں کچھ طلبہ اور ان کے اساتذہ پُرامن احتجاج کر رہے تھے۔ ان میں چھوٹی بچیاں، نوجوان لڑکے اور اساتذہ شامل تھے۔ لیکن مرکزی حکومت کے ماتحت دہلی پولیس نے انتہائی شرمناک اور جمہوریت کو کلنک زدہ کرنے والا عمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے پہلے ٹینٹ کی بجلی کاٹ دی، اندھیرا کر دیا تاکہ اندھیرے میں بچوں پر حملہ کیا جائے اور کوئی ویڈیو نہ بن سکے۔ اس کے بعد سادہ کپڑوں میں پولیس والوں نے طلبہ پر بربریت کی، مارا پیٹا۔ بچوں نے اپنے فون کی لائٹ جلا کر ویڈیوز ریکارڈ کیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
سوربھ بھاردواج نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو 12 سال اسکول میں پڑھاتے ہیں تاکہ بچہ پڑھ لکھ کر ڈاکٹر، انجینئر، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ، کلرک، اسٹینو یا ایس ایس سی پاس کرکے کوئی چھوٹی موٹی سرکاری نوکری حاصل کر لے۔ لوگ گاؤں قصبوں میں اپنی ساری پونجی ٹیوشن اور کوچنگ پر لگا دیتے ہیں۔ بچے بارہویں کے بعد 18-18 گھنٹے پڑھائی کرتے ہیں، نیٹ کا امتحان دیتے ہیں اور پتہ چلتا ہے کہ نیٹ میں منظم دھاندلی ہو رہی ہے۔ یہ کوئی چھوٹی موٹی نقل نہیں بلکہ سوچی سمجھی کرپشن ہے۔ نالائق لوگوں کو ڈاکٹر بنایا جا رہا ہے اور لائق لوگوں کو باہر نکال دیا جا رہا ہے۔
سوربھ بھاردواج نے کہا کہ یہی حال ایس ایس سی امتحانات میں بھی ہے۔ دو چار سال محنت کرنے والے بچے برباد ہو کر گھروں میں بیٹھے ہیں اور جنہوں نے پیسے دے کر سانٹھ گانٹھ کی وہ بابو اور افسر بن رہے ہیں۔ ملک کا نوجوان سڑکوں پر اپنے حق کے لیے لڑ رہا ہے اور بی جے پی کی مرکزی حکومت اور دہلی پولیس انہیں ڈنڈوں اور لاٹھیوں سے پیٹ رہی ہے۔ یہ انتہائی شرمناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 10-11 برسوں میں کوئی ایسا طبقہ نہیں بچا جو دہلی پولیس سے نہ پٹا ہو۔ جی ایس ٹی کے خلاف تاجروں نے احتجاج کیا، انہیں پیٹا گیا۔ ڈاکٹروں نے قانون کے خلاف مظاہرہ کیا، وہ پٹے۔ طلبہ کی کئی تحریکیں ہوئیں، وہ پٹے۔ فوجیوں نے ون رینک ون پنشن کی مانگ کی، وہ جنتر منتر پر پٹے۔ وکیلوں نے ہڑتال کی، وہ پٹے۔ کتا پرست، جو انگریزی بولتے ہیں اور بی جے پی کو ووٹ دیتے ہیں، وہ بھی پٹے۔ غریبوں کی جھونپڑیاں توڑی جاتی ہیں، ریڑھی پٹری ہٹائی جاتی ہے اور وہ بھی پٹتے ہیں۔
روزگار دینے کے بجائے نوجوانوں پر لاٹھی چارج کیوں؟
سینیئر رہنما اور پنجاب کے انچارج منیش سسودیا نے ایکس پر کہا کہ دہلی کے رام لیلا میدان میں بی جے پی کی "لاٹھی لیلا"۔ ایس ایس سی کے طلبہ اور اساتذہ پر بے رحمی سے لاٹھیاں چلائی گئیں، انہیں پکڑ پکڑ کر گھسیٹا گیا۔ روزگار دینے میں سب سے پیچھے، لیکن نوجوانوں پر لاٹھیاں بانٹنے میں مودی حکومت نمبر 1 ہے۔
قائد حزب اختلاف آتشی نے ایکس پر کہا کہ دہلی کے رام لیلا میدان میں ایس ایس سی کے طلبہ اور اساتذہ پر بی جے پی حکومت نے پولیس کے ڈنڈے برسوائے۔ سوال پوچھنے والے نوجوانوں کو سنا نہیں گیا بلکہ انہیں زمین پر گھسیٹ گھسیٹ کر پیٹا گیا۔ یہ بتاتا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی جگہ بی جے پی کا جبر و ظلم کا نظام چل رہا ہے۔ سوال پوچھنے والوں کی آواز ہی کچل دی جاتی ہے۔