نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو کہا کہ رہائش کا الاٹمنٹ (گھروں کی تقسیم) پوری طرح سے حکام کی مرضی پر مبنی نہیں ہو سکتا۔ 'عام آدمی پارٹی' (آپ) کی جانب سے دائر درخواست میں مرکز کو ہدایت دینے کی گزارش کی گئی ہے کہ دہلی میں کیجریوال کو رہائش الاٹ کی جائے۔
جسٹس سچن دتہ نے مرکزی وزارت برائے رہائش و شہری امور کے جوائنٹ سکریٹری اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹیٹ کے ڈائریکٹر کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے میں 25 ستمبر کو آن لائن حاضر ہوں۔ عدالت نے پوچھا، ’’کیا اس کے لیے کوئی باضابطہ عمل موجود ہے؟ میں دیکھنا چاہتا ہوں کہ ماضی میں اس عمل کو کس طرح نافذ کیا گیا ہے... ترجیح کو کس طرح مدنظر رکھا جاتا ہے، الاٹمنٹ کا طریقہ کار کیا ہے؟ فرض کیجیے بنگلوں کی تعداد محدود ہے تو آپ فیصلہ کس طرح کرتے ہیں؟‘‘
جسٹس دتہ نے کہا، ’’ایک شفاف نظام ہونا چاہیے اور یہ پوری طرح آپ کی مرضی پر منحصر نہیں ہو سکتا۔ جب تک کوئی واضح پالیسی موجود ہے... میں جاننا چاہتا ہوں کہ ترجیح کا اندازہ کس طرح لگایا جاتا ہے۔ مجھے اس بات کی فکر ہے کہ بنگلوں کے الاٹمنٹ میں اختیارات کس طرح استعمال کیے جاتے ہیں۔‘‘
سماعت کے دوران مرکز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 35، لودھی اسٹیٹ میں واقع ٹائپ سیون بنگلہ، جسے پارٹی نے کیجریوال کو الاٹ کرنے کی سفارش کی تھی، اس سال 24 جولائی کو مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری کو الاٹ کیا جا چکا ہے۔ یہ دلیل عدالت کے اس پہلے حکم کے بعد آئی ہے جس میں عدالت نے یہ وضاحت مانگی تھی کہ 35 لودھی اسٹیٹ والا بنگلہ ریاستی وزیر کو کب الاٹ کیا گیا تھا۔
عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ الاٹمنٹ کے لیے حکومت کی موجودہ پالیسی کو حلف نامے کے ذریعے ریکارڈ پر پیش کیا جائے، جس میں پہلے کے الاٹمنٹ اور اس پالیسی کے نفاذ کی تفصیلات شامل ہوں۔ ہائی کورٹ نے 16 ستمبر کو مرکز کو دہلی میں کیجریوال کو رہائش الاٹ کرنے میں تاخیر کے لیے سرزنش کی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ حکومت کا رویہ غیر جانب دار ہونا چاہیے اور وہ یہ منتخب طور پر طے نہیں کر سکتی کہ کس کو رہائش الاٹ کی جائے گی۔
عدالت نے مرکز سے کہا تھا کہ وہ 18 ستمبر تک عام رہائشی پول اور موجودہ ویٹنگ لسٹ کے تحت مکانوں کے الاٹمنٹ کو کنٹرول کرنے والی پالیسی کی تفصیلات پیش کرے۔ 'آپ' کی طرف سے سینئر وکیل راہل مہرا نے کہا کہ سرکاری وکیل نے پہلے 35، لودھی اسٹیٹ والے بنگلے کو کیجریوال کو الاٹ کرنے کی پارٹی کی تجویز پر ہدایت لینے کے لیے وقت مانگا تھا، لیکن بعد میں وہ کسی اور کو الاٹ کر دیا گیا۔ یہ بنگلہ اس سال مئی میں بسپا سربراہ مایاوتی نے خالی کیا تھا۔