اروناچل: مودی نے تاجروں سے "سودیشی خریدنے، سودیشی بیچنے" کی اپیل کی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-09-2025
اروناچل: مودی نے  تاجروں سے
اروناچل: مودی نے تاجروں سے "سودیشی خریدنے، سودیشی بیچنے" کی اپیل کی

 



ایٹانگر/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز اروناچل پردیش کے تاجروں اور کاروباریوں سے اپنے دورے کے دوران ملاقات اور بات چیت کی۔ اروناچل پردیش کے مقامی تاجروں نے یاد دلایا کہ پہلے انہیں کئی طرح کے ٹیکسوں سے جوجھنا پڑتا تھا، لیکن وزیر اعظم مودی کی قیادت میں حکومت نے جی ایس ٹی کے ذریعے "ون نیشن، ون ٹیکس" کا تاریخی اصلاحی قدم اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں جی ایس ٹی کو منظم اور آسان بنانا ایک اور سنگ میل ہے جو صرف مودی کے سبب ممکن ہوا۔ تاجروں نے کہا کہ مودی ہیں تو ممکن ہے۔
مقامی تاجروں نے زور دیا کہ نئے ٹیکس اصلاحات کے تحت تعمیراتی لاگت کم ہوگی جس سے مکان بنانا مزید سستا ہو جائے گا، اور سستی خام مال سے مقامی مصنوعات کم قیمت پر تیار ہو سکیں گی۔
ہوٹل انڈسٹری کے نمائندوں نے کہا کہ جی ایس ٹی میں کٹوتی گھریلو سیاحت کو زبردست فروغ دے گی، جبکہ دیگر تاجروں نے مچھلیوں کے کاروبار اور زراعت کے لیے بڑے فائدے گنوائے۔
وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر تاجروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی مصنوعات کے برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ "خریدیں دیسی اور بیچیں دیسی" اور زور دیا کہ ہندوستان کو خود کفیل بننا ہوگا تاکہ "وکست ہندوستان" کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔
اسی دوران، وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ملاقات کے دوران تاجروں نے جی ایس ٹی کے تحت کیے گئے اصلاحی اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تاجروں اور دکانداروں نے اپنی مقامی مصنوعات جیسے خوشبودار چائے، مزیدار اچار، ہلدی، بیکری آئٹمز اور دستکاری کے نمونے پیش کیے۔
وزیر اعظم کی پوسٹ میں لکھا تھا کہ جیسے آج سورج طلوع ہوا، ویسے ہی ہندوستان کے اقتصادی سفر کا ایک نیا باب بھی شروع ہوا، جی ایس ٹی بچت اتسو کے ساتھ۔ اور اس سے بہتر جگہ کیا ہو سکتی تھی اروناچل پردیش سے، جو ہندوستان کی خوبصورت 'لینڈ آف رائزنگ سن' ہے۔ ایٹانگر میں، میں نے مقامی تاجروں اور ریٹیلرز سے ملاقات کی جنہوں نے اپنی متنوع مصنوعات جیسے خوشبودار چائے، مزیدار اچار، ہلدی، بیکری اشیاء، دستکاری اور دیگر اشیاء پیش کیں۔ انہوں نے جی ایس ٹی اصلاحات پر خوشی ظاہر کی۔ میں نے انہیں 'فخر سے کہو یہ دیسی ہے' کے پوسٹر بھی دیے جنہیں وہ اپنی دکانوں پر جوش و خروش سے آویزاں کرنے والے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے دورے کے دوران ایٹانگر میں 5100 کروڑ روپے سے زائد کی مختلف ترقیاتی اسکیموں کا سنگِ بنیاد رکھا اور ان کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے ایٹانگر میں 3700 کروڑ روپے سے زیادہ کی دو بڑے ہائیڈرو پاور پروجیکٹس کا سنگِ بنیاد رکھا۔ ہیو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ (240 میگاواٹ) اور ٹاٹو-ون ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ (186 میگاواٹ) اروناچل پردیش کے سیوم سب بیسن میں تیار کیے جائیں گے۔
وزیر اعظم مودی نے تاوانگ میں ایک جدید ترین کنونشن سینٹر کا بھی سنگِ بنیاد رکھا۔ سمندری سطح سے 9820 فٹ بلندی پر واقع یہ سینٹر قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں، ثقافتی میلوں اور نمائشوں کی میزبانی کے لیے ایک نمایاں سہولت ہوگا۔
وزیر اعظم نے 1290 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت کے کئی اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کا بھی آغاز کیا جو رابطہ، صحت، فائر سیفٹی، کام کرنے والی خواتین کے لیے ہاسٹل اور دیگر شعبوں سے متعلق ہیں۔ یہ اقدامات خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے، معیارِ زندگی بہتر بنائیں گے اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط کریں گے۔