نئی دہلی/ آواز دی وائس
جنوب مغربی مانسون نے رفتار پکڑ لی ہے اور اب دہلی کی دہلیز پر دستک دینے ہی والا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق، اگلے ایک یا دو دنوں میں دہلی-این سی آر میں مانسون پہنچ سکتا ہے۔ اتر پردیش اور راجستھان کے کئی اضلاع میں پہلے ہی بارش کا آغاز ہو چکا ہے اور آئندہ ایک ہفتے تک کئی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
دہلی میں مانسون وقت سے پہلے پہنچ سکتا ہے
عام طور پر ہر سال دہلی میں مانسون 26 سے 27 جون کے درمیان آتا ہے، لیکن اس بار یہ چار سے پانچ دن پہلے بھی آ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حالات مکمل طور پر سازگار ہو چکے ہیں اور مانسون جلد ہی قومی دارالحکومت کے علاقے میں پہلی بارش کی نوید لے کر پہنچے گا۔
یوپی و راجستھان میں مانسونی بارش کا آغاز
اتر پردیش اور مشرقی راجستھان کے کئی اضلاع میں مانسون سرگرم ہو چکا ہے۔ لگاتار بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور لوگوں کو شدید گرمی سے کافی راحت ملی ہے۔
آئی ایم ڈی کا الرٹ – ان ریاستوں میں شدید بارش کی وارننگ
ہندوستانی محکمہ موسمیات نے جن ریاستوں کے لیے الرٹ جاری کیا ہے ان میں شامل ہیں
ہماچل پردیش
اتراکھنڈ
پنجاب
ہریانہ
مغربی اتر پردیش
مشرقی راجستھان
ان ریاستوں میں اگلے 7 دنوں تک مختلف مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
راجستھان میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ، بارش سے ملے گی راحت
اگرچہ مغربی راجستھان کے کچھ علاقوں میں اب بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہے، لیکن موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ دو دنوں کے اندر بارش شروع ہو جائے گی، جس سے گرمی میں راحت ملنے کی امید ہے۔
اس وقت مانسون ان علاقوں تک پہنچ چکا ہے
بہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ
مشرقی و وسطی اتر پردیش
مدھیہ پردیش اور مہاراشٹرا
اتراکھنڈ اور ہماچل کے کچھ حصے
.21 سے 26 جون کے درمیان ان ریاستوں میں موسم تیزی سے بدلے گا
محکمہ موسمیات کے مطابق 21 جون سے دہلی، ہریانہ، پنجاب اور مغربی یوپی میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ وہیں جموں و کشمیر میں بھی 21 سے 26 جون کے درمیان بارش کا دور شروع ہونے کی امید ہے۔