ایودھیا: دنگاکرانے کی بڑی سازش، پولس نے بنائی ناکام، 7گرفتار

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 28-04-2022
ایودھیامیں دنگاکرانے کی بڑی سازش کو پولس نے بنایاناکام،7گرفتار
ایودھیامیں دنگاکرانے کی بڑی سازش کو پولس نے بنایاناکام،7گرفتار

 

 

ایودھیا: ایودھیاکی مساجد میں قابل اعتراض پوسٹر لگاکراورقرآن شریف کے اوراق کی بے حرمتی کرکےدنگا کرانے کی سازش، پولس کی مستعدی سے ناکام ہوگئی۔ کچھ شرپسند عناصر خلفشار مچانے کی کوشش کر رہے تھے جس کی خفیہ ذرائع سے اطلاع پاکرسینئرپولس اہلکاروں نے سازش کو ناکام بنادیا۔

پولس ذرائع کے مطابق گزشتہ رات کو ایودھیا کی مساجد کے آس پاس قابل اعتراض پوسٹردیکھ گئے۔اس کے ساتھ ہی مذہبی کتاب کی کاپی، گاڑی اور ٹوپی اور موبائل بھی پولس نے برآمد کیا جن کی مدد سے شہر میں فساد پھیلانے کی کوشش کی جارہی تھی۔اس سلسلے میں 7 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس، ایودھیا زون،کویندر پرتاپ سنگھ اور شیلیش کمار پانڈے(سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس) وجے پال سنگھ، (سٹی سپرنٹنڈنٹ) کی ہدایت پر پولیس اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایودھیا ضلع ایودھیا کے ایریا آفیسر آر کے چترویدی کی موثر نگرانی میں ٹیم تشکیل دی گئی جس کی سربراہی انسپکٹر انچارج دیویندر سنگھ، انسپکٹر انچارج کینٹ شری ارون پرتاپ سنگھ اور انچارج رتن کمار شرمانے اس معاملےمیں سرگرم کردارنبھایا۔

اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے مسجد کشمیری محلہ، ٹاٹ شاہ مسجد، گھوسیانہ رام نگر مسجد، عیدگاہ سول لائن اور گلاب شاہ درگاہ میں قابل اعتراض پوسٹر لگاکرفساد پھیلانے کی کوشش کی۔ اس معاملے میں پولس نے7 ملزمان کو گرفتار کیا۔

ملزمین کے نام مہیش کمار مشرا،پرتیوش سریواستو ، نتن کمار، دیپک کمار گوڑ عرف گنجن ،برجیش پانڈے ، شتروگھن پرجاپتی اور رامدھیراج پانڈے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ واقعہ کے سلسلے میں مورخہ 27.04.2022 کو تھانہ مقامی میں ایس ایم نمبر 302/22 دفعہ 295/295اے دفعہ 295، 303/22 دفعہ 295/295اے، 304/22 دفعہ 295 /295اے ، 305/22آئی ڈی ڈی دفعہ 295/ کے تحت معاملہ درج کرکے کاروائی کی۔

ملزم نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ مہیش کمار مشرا اس کام کا اصل سازشی رہا ہے اور اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر برجیش پانڈے کے گھر میں سازش رچی تھی۔ لال باغ سے 2 مذہبی کتابیں (قرآن شریف) اور ٹوپیاں پمی کیپ ہاؤس راجہ گلی چوک سے پرتیوش سریواستو نے خریدیں

۔ 26.04.2022 کو رات 10.00 بجے تمام لوگ ورما ڈھابہ نوین منڈی کے پاس جمع ہوئے اور وہاں سے کھانا کھانے کے بعد آر ٹی او آفس کے قریب برجیش پانڈے کے گھر پہنچے۔ گھر کے اندر مہیش مشرا اور پرتیوش سریواستو کے فلیکس پر ایک قابل اعتراض مضمون لکھا گیا ۔

اس کے بعد 4 افراد بینی گنج تیراہہ پہنچے جہاں پی آر وی کی گاڑی دیکھ کر وہ بینی گنج مسجد پر حسب پروگرام واقعہ کو انجام نہ دےسکے اور کشمیری محلہ مسجد میں قرآن شریف کو پھاڑ کردیگر قابل اعتراض مواد کے ساتھ ڈالا گیا۔

کچھ ایسا ہی کام انھوں نے دیگرمساجد میں بھی انجام دیا جن میں ٹاٹ شاہ مسجد جیل کے پیچھے واقع گلاب شاہ درگاہ ،عیدگاہ سول لائن ، گھوسیانہ رام نگر مسجد شامل ہیں۔اس واقعے میں کل 11 افراد ملوث تھے جن میں سے 4 ملزمان مفرور ہیں۔ ملزمان کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

مسجدوں میں گوشت پھینکنے اور قرآن کی بے حرمتی کرنے والے افراد چاہتے تھے ان کی یہ حرکت سی سی ٹی وی میں قید ہوجائے اور پولیس کے ہاتھ بھی آجائے۔ اسی لیے ملزمان نے ایسی دو مساجد کا انتخاب کیا جہاں سی سی ٹی وی نصب تھے۔

ایس ایس پی شیلیش پانڈے نے بتایا ملزمان نے ایودھیا میں مسجد کشمیری محلہ، ٹاٹ شاہ مسجد، گھوسیانہ رام نگر مسجد، عیدگاہ سول لائن مسجد اور درگاہ جیل کے پیچھے گوشت اور قابل اعتراض پوسٹر پھینکے تھے۔ بعض مقامات پر مذہبی کتابیں پھینک کر فرقہ وارانہ ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔

جس مسلم مذہبی رہنما سے پولیس نے بیان لیا تھا، اس نے دوپہر 2 بجے چار بائک پر 8 افراد کو دیکھا تھا۔ اس وقت وہ نماز پڑھنے جا رہے تھے۔ انھوں نے سب سے پہلے قابل اعتراض پوسٹر دیکھے اور اس معاملے کو پولیس اور انتظامیہ کے افسران تک پہنچایا۔