مولانا توقیـر رضا اور پُرامن مظاہرین کی گرفتاری تشویشناک: مسلم پرسنل لا بورڈ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 30-09-2025
مولانا توقیـر رضا اور پُرامن مظاہرین کی گرفتاری تشویشناک: مسلم پرسنل لا بورڈ
مولانا توقیـر رضا اور پُرامن مظاہرین کی گرفتاری تشویشناک: مسلم پرسنل لا بورڈ

 



نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (AIMPLB) نے بریلی تشدد کے معاملے میں مولانا توقیـر رضا خان اور کئی دیگر افراد کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا ’’دھمکی آمیز بیان‘‘ ان کے منصب کی شان و وقار کے بالکل خلاف ہے۔

بورڈ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار شدہ افراد کو فوراً رہا کیا جائے۔ مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان سید قاسم رسول الیاس نے اپنے بیان میں کہا: ’’مولانا توقیـر رضا خان اور دیگر پُرامن مظاہرین کی گرفتاری نہایت تشویشناک ہے۔ کانپور واقعہ پر مسلمانوں کا پُرامن احتجاج کوئی جرم نہیں تھا اور پولیس کا غیرذمہ دارانہ اور جارحانہ ردعمل دراصل طاقت کا بدترین استعمال اور کھلا ظلم ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’آئی لو محمد‘‘ کے نعرے کا استعمال یا اسے بینر پر دکھانا نہ غیرقانونی ہے اور نہ ہی غیرآئینی۔ الیاس نے کہا: ’’اتر پردیش کے وزیراعلیٰ کی جانب سے مولانا توقیـر رضا خان اور بریلی کے پُرامن مظاہرین کے خلاف استعمال کی گئی متکبرانہ اور آمرانہ زبان ایک وزیراعلیٰ کے عہدے اور وقار کے بالکل شایانِ شان نہیں ہے۔

انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ وہ ہندوستان کے آئین کے تحت ایک منتخب وزیراعلیٰ ہیں، نہ کہ کسی خاص برادری کے قائد۔ وہ ریاست کے تمام شہریوں کی نمائندگی کرتے ہیں، اس لیے انہیں فرقہ وارانہ اور جانبدارانہ زبان کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔‘‘