نعروں اور پوسٹروں کے لئے گرفتاری ظلم : محمود مدنی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-09-2025
نعروں اور پوسٹروں کے لئے گرفتاری ظلم : محمود مدنی
نعروں اور پوسٹروں کے لئے گرفتاری ظلم : محمود مدنی

 



نئی دہلی: پیغمبر اسلام ﷺ کی شان و عظمت میں لگائے گئے نعروں اور پوسٹروں پر کارروائی کو شدید ناانصافی قرار دیتے ہوئے جمعیۃ علمائے ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے کہا کہ یہ اقدام نہایت تشویشناک ہے اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔

مولانا مدنی نے کہا کہ ہم مسلمان، پیغمبر محمد ﷺ سے محبت، اطاعت اور اتباع کے ذریعے ہی اللہ کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں۔ اگر اللہ کی محبت ہمیں ملتی ہے تو وہ صرف اور صرف پیغمبر محمد ﷺ کے وسیلے سے ہی ملتی ہے۔ پیغمبر ﷺ کے بغیر ہمارا سب کچھ ادھورا ہے، اس لیے مسلمان اس تعلق میں کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹتا۔

البتہ مولانا مدنی نے اس حقیقت کی طرف بھی توجہ دلائی کہ اسلام کے ماننے والوں کی اصل ذمہ داری یہ ہے کہ وہ پیغمبر محمد ﷺ کو اپنی زندگی کا آئیڈیل اور رہنما بنائیں اور آپؐ کی ذاتِ گرامی کو کسی ردعمل یا احتجاج کا موضوع نہ بنائیں۔ یہ آپ ﷺ کے احترام اور تقدس کے لیے بھی ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو رحمت اور محبت کا سرچشمہ بنایا ہے، آپ کا پیغام آفاقی ہے اور سب کے لیے یکساں طور پر مقدس ہے۔

مولانا مدنی نے اتر پردیش حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ عوامی جذبات اور مذہبی رہنماؤں کا احترام کیا جائے اور صرف نعروں اور پوسٹروں کی بنیاد پر لوگوں کو گرفتار کرکے جیل میں ڈالنے جیسے ظالمانہ اقدامات سے گریز کیا جائے۔ ساتھ ہی مولانا مدنی نے مسلم نوجوانوں کو صبر، دانش مندی اور قانونی و جمہوری طریقوں کے ذریعے اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت دی اور یہ بھی کہا کہ وہ دشمنوں کی سازشوں اور مکاریوں سے ہوشیار رہیں۔