نئی دہلی
کولمبیا کے جنوب مغربی حصے میں 121 افراد کو لے جا رہا ایک فوجی مال بردار طیارہ پیر کے روز اُڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہو گیا۔ حکام کے مطابق اب تک کم از کم 48 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ حادثے کی جگہ پر تقریباً دو درجن افراد اب بھی لاپتہ ہیں، جہاں ملبہ مکمل طور پر جل چکا ہے اور امدادی کارکن اب بھی زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ اس واقعے میں کم از کم 66 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ کئی زخمی ہیں۔
مقامی میڈیا کی جانب سے آن لائن شیئر کی گئی تصاویر میں طیارہ حادثے کی جگہ سے کالے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس کے بعد فوجیوں سے بھرا ایک ٹرک تیزی سے جائے حادثہ کی طرف جاتا ہوا نظر آتا ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں نائب میئر نے بتایا کہ متاثرین کی لاشوں کو قصبے کے مردہ خانے منتقل کیا گیا جبکہ زخمیوں کا علاج کلینکوں میں کیا جا رہا ہے۔
طیارے میں 11 عملے کے ارکان سمیت مجموعی طور پر 125 افراد سوار تھے۔ کولمبیا کے وزیر دفاع پیڈرو سانچیز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ یہ افسوسناک حادثہ صوبہ پوتومایو کی ایک میونسپلٹی پویئرٹو لیگویزامو میں پیش آیا، جو پیرو اور ایکواڈور کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ کولمبیا کی فضائیہ کے کمانڈر کارلوس فرنانڈو سلوا نے بعد میں ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ہرکیولیس سی -130 طیارے میں 114 مسافر اور 11 عملے کے ارکان سوار تھے۔ انہوں نے کہا کہ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے اور کئی افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
فضائیہ نے ایک بیان میں کہا کہ جائے حادثہ سے متعدد زخمیوں کو نکالا گیا ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق حکام ہلاکتوں کی حتمی تعداد کی تصدیق کر رہے ہیں۔کولمبیا فضائیہ کے کمانڈر کارلوس فرنانڈو سلوا نے بتایا کہ حادثے کی مکمل وجوہات ابھی واضح نہیں ہیں، تاہم ابتدائی طور پر یہی معلوم ہوا ہے کہ طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی اور وہ ہوائی اڈے سے تقریباً دو کلومیٹر دور گر گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کو دارالحکومت اور دیگر مقامات کے اسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے 74 بستروں والے دو طیارے جائے حادثہ پر بھیجے گئے ہیں۔
ادھر نیویارک کے لا گارڈیا ہوائی اڈے پر ایئر کینیڈا ایکسپریس کا ایک طیارہ زمین پر ایک ٹرک سے ٹکرا گیا۔ این بی سی کے مطابق اس حادثے میں طیارے کے پائلٹ اور معاون پائلٹ کی موت ہو گئی ہے۔