نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو کانگریس رہنما راہل گاندھی کے خلاف 2022 میں بھارت جوڑو یاترا کے دوران بھارتی فوج کے بارے میں مبینہ طور پر قابلِ اعتراض تبصرے کرنے کے سلسلے میں درج مقدمے کی کارروائی پر لگی روک کی مدت بڑھا دی۔ اب یہ روک اگلے سال 22 اپریل تک نافذ رہے گی۔
جسٹس ایم۔ ایم۔ سندریش اور جسٹس ستیش چندر شرما پر مشتمل بنچ نے راہل گاندھی کی اپیل قبول کرتے ہوئے کہا کہ عدالت اس معاملے کی تفصیلی سماعت کرے گی۔ راہل گاندھی نے ماتحت عدالت کے سمن کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، مگر ہائی کورٹ نے 29 مئی کو ان کی درخواست خارج کر دی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔
سپریم کورٹ نے 4 اگست کو گاندھی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے لکھنؤ کی ایک عدالت میں زیرِ التوا اس مقدمے میں مزید کارروائی پر اگلی سماعت تک روک لگا دی تھی۔ اس سے قبل بنچ نے گاندھی سے ان کے مبینہ بیانات کے بارے میں سوال کرتے ہوئے کہا تھا: "آپ کو کیسے معلوم کہ چین نے بھارت کے 2,000 مربع کلومیٹر علاقے پر قبضہ کر لیا ہے؟ کیا آپ وہاں تھے؟ کیا آپ کے پاس کوئی قابلِ اعتبار معلومات ہیں؟"
بنچ نے مزید کہا تھا: "بغیر معلومات کے آپ نے ایسے بیانات کیوں دیے؟ اگر آپ ایک سچے ہندوستانی ہوتے تو ایسی باتیں نہ کرتے۔" بعد میں عدالت نے اتر پردیش حکومت اور شکایت گزار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے راہل گاندھی کی درخواست پر جواب طلب کیا تھا۔ گاندھی کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا تھا کہ اگر قائدِ حزبِ اختلاف اہم مسائل نہیں اٹھا سکتے تو یہ ایک افسوسناک صورتحال ہوگی۔
سنگھوی نے بھارتی شہری سلامتی ضابطہ کی دفعہ 223 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی مجرمانہ شکایت کا نوٹس لینے سے پہلے ملزم کی پیشگی شنوائی ضروری ہے، جو اس کیس میں نہیں کی گئی۔ شکایت گزار اُدے شنکر شریواستو نے ایک عدالت میں اپنی درخواست میں الزام لگایا تھا کہ دسمبر 2022 کی بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہل گاندھی نے چین کے ساتھ سرحدی تنازع کے تناظر میں بھارتی فوج کے بارے میں کئی توہین آمیز تبصرے کیے۔
اس کے بعد ماتحت عدالت نے گاندھی کو بطور ملزم طلب کیا تھا تاکہ وہ مقدمے کا سامنا کریں۔ گاندھی کے وکیل پرانشو اگروال نے استدلال دیا تھا کہ شکایت کا متن پڑھنے سے ہی الزامات بے بنیاد معلوم ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ چونکہ گاندھی لکھنؤ کے رہائشی نہیں ہیں، اس لیے ماتحت عدالت کو چاہیے تھا کہ وہ سمن جاری کرنے سے پہلے الزام کی سچائی کی جانچ کرتی اور انہیں صرف اسی صورت طلب کیا جاتا جب الزام ابتدائی نظر میں قابلِ سماعت پایا جاتا۔