آپریشن سندور پر آرمی چیف جنرل اُپندر دیویدی کا بڑابیان

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2025
آپریشن سندور پر آرمی چیف جنرل اُپندر دیویدی کا بڑابیان
آپریشن سندور پر آرمی چیف جنرل اُپندر دیویدی کا بڑابیان

 



نئی دہلی: آرمی چیف جنرل اُپندر دیویدی نے آپریشن سندور کے دوران پاکستان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جنگ میں بیانیے (Narrative) کے انتظام (Management) کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کسی پاکستانی سے پوچھیں کہ "آپریشن سندور" کے دوران وہ جیتے یا ہارے، تو وہ کہے گا کہ چونکہ عاصم منیر فیلڈ مارشل بن گئے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ پاکستان ہی جیتا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے اس بیانیے کے ذریعے اپنی عوام کو یہ یقین دلا دیا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ تصادم میں ان کی جیت ہوئی ہے۔ جنرل دیویدی نے IIT مدراس میں منعقدہ ایک پروگرام میں بتایا کہ یہی طریقہ ہوتا ہے جس سے آپ گھریلو آبادی، مخالف کی آبادی اور غیر جانب دار آبادی کو متاثر کرتے ہیں۔

بیانیے کے انتظام (Narrative Management) پر جنرل دیویدی نے کیا کہا؟ چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) نے کہا: بیانیے کا انتظام ایک ایسی چیز ہے جس کی ہمیں بڑی گہرائی سے سمجھ ہونی چاہیے، کیونکہ فتح دماغ میں ہوتی ہے، اور وہیں رہتی ہے۔ اگر آپ کسی پاکستانی سے پوچھیں کہ وہ جیتے یا ہارے تو وہ کہے گا: 'میرے چیف فیلڈ مارشل بن گئے ہیں، تو ہم ہی جیتے ہوں گے، اسی لیے وہ فیلڈ مارشل بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوج نے پاکستان کی اس حکمت عملی کا اپنے طریقے سے جواب دیا۔ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کا استعمال کرکے عوام تک اپنا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا: حکمت عملی کے تحت پیغام دینا بہت ضروری تھا، اور اسی لیے ہمارا پہلا پیغام یہ تھا کہ انصاف ہوا۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ہمیں جو سب سے زیادہ ہٹس (ویوز) ملے، وہ اسی پیغام پر ملے۔

آرمی چیف نے بھارتی فوج اور بھارتی فضائیہ کی دو خواتین افسران کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمت عملی کے تحت دیا گیا پیغام سادہ تھا، لیکن پوری دنیا میں پھیل گیا۔ انہوں نے کہا: دنیا بھر میں آپ جو کچھ دیکھ رہے ہیں، وہ ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک این سی او (نان کمیشنڈ آفیسر) نے تیار کیا تھا۔ ہم نے یہ سب سوچ سمجھ کر تیار کیا تھا۔

جب ہم ایسے آپریشنز میں شامل ہوتے ہیں تو ان چیزوں — یعنی اسٹریٹیجک میسیجنگ — پر بھی بھرپور توجہ دیتے ہیں، کیونکہ بیانیے کا انتظام (Narrative Management System) بہت اہم ہوتا ہے۔ اس میں بہت وقت اور محنت لگتی ہے۔