دہلی لایا گیا اسلحے کا اسمگلر سلیم پسٹل

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-08-2025
دہلی لایا گیا اسلحے کا اسمگلر سلیم پسٹل
دہلی لایا گیا اسلحے کا اسمگلر سلیم پسٹل

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے ملک کے سب سے بڑے اسلحہ سپلائر سلیم پسٹل کو دہلی لے آئی ہے۔ چند روز قبل ہی اسپیشل سیل نے سلیم پسٹل کو نیپال بارڈر سے گرفتار کیا تھا۔ دہلی کے جعفرآباد کا رہائشی سلیم احمد، جسے اسلحہ کی دنیا میں سلیم پسٹل کہا جاتا ہے، ہندوستان کا ایک بڑا اور نامور غیر قانونی اسلحہ اسمگلر ہے۔ گینگسٹرز کو جدید اور غیر ملکی اسلحہ فراہم کرنے کی شروعات اسی نے کی تھی۔ تقریباً 5 سال قبل دہلی پولیس نے اسے 26 غیر ملکی پسٹلز اور 800 کارتوس کے ساتھ پکڑا تھا، لیکن جیل سے باہر آنے کے بعد وہ بیرونِ ملک چلا گیا اور وہیں سے اب بھی اسلحہ کا نیٹ ورک چلا رہا ہے۔
سلیم پسٹل نے ہی پہلی بار ہندوستان میں ترکی کی بنی جِگانہ پسٹل کی اسمگلنگ شروع کی تھی۔ اس میں بلندشہر کے خورجہ کے دو بھائی رضوان اور قربان نے اس کی مدد کی۔ پانچ-چھ سال قبل یہ تینوں نیپال کے راستے جِگانہ پسٹل ہندوستان لائے تھے۔ اس کے بعد یہ پسٹل گینگسٹرز کی پہلی پسند بن گئی۔ وجہ یہ تھی کہ اس سے ایک بار میں 15 گولیاں چلتی ہیں، وزن ہلکا ہے اور اس کی مار کرنے کی صلاحیت بہترین ہے۔
گینگسٹرز کا پسندیدہ اسلحہ سپلائر
ہاشم بابا گینگ، چنو گینگ سمیت ملک کے کئی بڑے گروہ سلیم سے اسلحہ لیتے رہے ہیں۔ پولیس کی پوچھ گچھ میں بابا کے کارندے مونو اور شہباز قریشی نے بھی سلیم سے اسلحہ لینے کی بات قبول کی تھی۔
اسمگلنگ کا طریقہ
پاکستان سے جِگانہ پسٹل کی کھیپ پہلے نیپال بھیجی جاتی ہے۔ وہاں اس کے پرزے الگ کر دیے جاتے ہیں اور گاڑی میں چھپا کر ہندوستان لایا جاتا ہے۔ گاڑی میں اس کے لیے خاص جگہ بنائی جاتی ہے۔ ہندوستان پہنچنے پر پرزوں کو دوبارہ جوڑ دیا جاتا ہے۔
اب اسمگلر نیا طریقہ اپنا رہے ہیں ، ڈرون سے اسمگلنگ
پاکستان سے ڈرون کے ذریعے پسٹل پنجاب کی سرحد پر گرائی جاتی ہے، پھر وہاں سے پورے ملک میں سپلائی کی جاتی ہے۔ ڈرون سے لائی گئی پسٹل نیپال والی پسٹل سے سستی پڑتی ہے، تقریباً 4 لاکھ میں، جبکہ نیپال سے آنے والی 6 لاکھ تک کی پڑتی ہے۔ اسی وجہ سے ڈرون والی پسٹل کی مانگ بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔