یوپی میں ایپل کا پہلا اسٹور

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-12-2025
یوپی میں ایپل کا پہلا اسٹور
یوپی میں ایپل کا پہلا اسٹور

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
ٹیک کمپنی ایپل ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ صارفین تک پہنچنے کے لیے ملک میں اپنا پانچواں اسٹور کھولنے جا رہی ہے۔ کیوپرٹینو کی یہ ٹیک کمپنی اتر پردیش کے نوئیڈا میں کھولا گیا نیا اسٹور آج سے عام لوگوں کے لیے کھل جائے گا۔  ایپل نوئیڈااسٹور ڈی ایل ایف مال آف انڈیا میں واقع ہے۔ اس سے پہلے کمپنی دہلی، ممبئی، پونے اور بنگلورو میں اپنے ریٹیل اسٹور کھول چکی ہے۔
ایپل نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ افتتاح ہندوستان میں ایپل کے جاری ریٹیل ایکسپینشن میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ نوئیڈا کے صارفین یہاں ایپل پروڈکٹس کو دیکھنے، خریدنے اور ایپل کی بہترین سروسز کا براہِ راست تجربہ حاصل کرنے کا موقع پائیں گے۔ آئی فون بنانے والی کمپنی نے مزید بتایا کہ نوئیڈا اسٹور کی بیرکیڈنگ میں ہندوستان کے قومی پرندے مور کے پَروں سے متاثر ڈیزائن شامل ہے۔ ایپل نے اسے "فخر اور تخلیقی صلاحیت کی علامت" قرار دیا۔
ایپل اسٹور کا کرایہ کتنا ہے؟
 سی آر ای میٹرکس کی جانچ اور ہندستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، سب لیز ڈاکیومنٹس سے پتا چلتا ہے کہ ایپل نے ڈی ایل ایف مال آف انڈیا میں تقریباً 8,240 مربع فٹ کا گراؤنڈ فلور ایریا حاصل کیا ہے۔ یہ جگہ چھ یونٹوں کو ملا کر بنائی گئی ہے، جنہیں یکجا کر کے نیا  ایپل اسٹور تیار کیا گیا ہے۔
لیز 11 سال کے لیے سائن کی گئی ہے، اور پہلے سال ایپل کو کوئی کرایہ ادا نہیں کرنا ہوگا۔ دوسرے سال سے کرایہ 263.15 روپے فی مربع فٹ ہوگا، جو ماہانہ تقریباً 45.3 لاکھ روپے اور سالانہ تقریباً 5.4 کروڑ روپے بنتا ہے۔
لیز کی پوری مدت میں طے شدہ کرائے میں مرحلہ وار اضافہ کو شامل نہ کرتے ہوئے، ایپل کا مجموعی کرایہ کا خرچ تقریباً 65 کروڑ روپے ہونے کا اندازہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق معاہدے میں ایک معیاری شرط شامل ہے جس کے تحت ہر تین سال میں کرایہ 15 فیصد بڑھایا جائے گا۔ ایپل نے اس لیز کو اس سال 25 فروری کو فائنل کیا تھا۔