اندور: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے 19 ستمبر کو اندور میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے مجوزہ ’طلبہ کی گونج‘ پروگرام کو نشانہ بناتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ اس پروگرام میں شرکت سے پہلے انہیں کانگریس کی سابقہ حکومتوں کی جانب سے نوجوانوں کے ساتھ کیے گئے مبینہ ناانصافیوں کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔ یادو نے اندور میں صحافیوں سے کہا، ’’اگر لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف مدھیہ پردیش آ رہے ہیں تو ان کا استقبال ہے۔ لیکن کانگریس کی سابقہ حکومتوں نے ریاست کے نوجوانوں کے ساتھ جو ناانصافی کی، پہلے اس کے لیے ان سے معافی مانگیں۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں 1956 سے 2003 تک کانگریس کے دور حکومت میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ کسانوں، خواتین اور دیگر طبقات کی حالت بھی خراب تھی۔ یادو نے کہا کہ کانگریس کی سابقہ حکومت کے دوران ریاست میں بے روزگاری کافی زیادہ تھی اور فی کس آمدنی صرف 11,700 روپے تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کے دوران ریاست میں فی کس آمدنی بڑھ کر 1.67 لاکھ روپے ہو گئی ہے۔ کانگریس نے اندور میں ’طلبہ کی گونج‘ پروگرام کے لیے پہلے 12 ستمبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔ بعد میں اپوزیشن پارٹی نے پروگرام 19 ستمبر کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔
کانگریس کا کہنا تھا کہ ریاستی حکومت نے شہر کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں پروگرام کی اجازت نہیں دی۔ اب یہ پروگرام کسی دوسری جگہ منعقد کیا جائے گا۔ دریں اثنا، کانگریس کی قومی ترجمان ڈاکٹر راگنی نائک نے ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ ریاستی حکومت اندور میں مجوزہ ’طلبہ کی گونج‘ پروگرام میں ’سام، دام، دنڈ، بھید‘ یعنی ہر حربہ استعمال کرکے رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ان مبینہ حربوں کا کوئی اثر نہیں ہوگا، کیونکہ طلبہ اور نوجوانوں کے جذبات حکمراں جماعت کی پالیسیوں اور نظریات کے خلاف ہیں۔ نائک نے یہ بھی کہا کہ 2027 میں ہونے والی مردم شماری کے دوران درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کے لیے پہلے سے مطلع شدہ ذاتوں کی فہرستیں استعمال کی جائیں گی، لیکن دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) اور عام زمرے کے لیے کھلی ذاتوں کے اندراج کا انتظام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طریقے سے مردم شماری کرائے جانے پر او بی سی اور عام زمرے کی ایک ہی ذات کئی ناموں، مختلف ہجوں اور ذیلی ذاتوں کے تحت درج ہو سکتی ہے، جس سے اعداد و شمار میں بڑے پیمانے پر گڑبڑی کا خدشہ ہے۔ کانگریس ترجمان نے مطالبہ کیا کہ ہندوستان کی پہلی مکمل طور پر ڈیجیٹل مردم شماری میں ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور عام زمرے کی ذاتوں کو درج کرنے کے لیے ریاست وار تصدیق شدہ ’ڈراپ ڈاؤن‘ ذاتوں کی فہرست استعمال کی جائے۔ اس فہرست میں سافٹ ویئر کے اندر پہلے سے موجود ذاتوں کے متعین اختیارات میں سے براہ راست ذات کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا، ’’مرکزی حکومت جان بوجھ کر درست طریقے سے ذات پر مبنی مردم شماری نہیں کرانا چاہتی۔‘‘