انوراگ ٹھاکر کا راہل پر جوابی حملہ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-02-2026
انوراگ ٹھاکر کا راہل پر جوابی حملہ
انوراگ ٹھاکر کا راہل پر جوابی حملہ

 



نئی دہلی
بی جے پی کے رکنِ پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر نے بدھ کے روز لوک سبھا میں بجٹ پر بحث میں حصہ لینے کے فوراً بعد راہل گاندھی کے ایوان سے چلے جانے پر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنہیں جھوٹ بولنے کی عادت ہوتی ہے وہ زیادہ دیر تک ٹِک نہیں پاتے۔
مالی سال 2026-27 کے بجٹ پر بحث کے دوران ٹھاکر نے کہا كہ پہلے ایسا ہوتا تھا کہ ہمارے خطاب کے بیچ راہل جی ایوان سے چلے جاتے تھے، لیکن اب تو حالت یہ ہو گئی ہے کہ وہ پہلے ہی بھاگ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا كہ کیونکہ جنہیں جھوٹ بولنے کی عادت ہوتی ہے وہ زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتے۔ نہ ان کے الزامات کبھی ٹِک پائے اور نہ ہی یہ لیڈر کبھی ٹِک پائے ہیں۔ بی جے پی رکنِ پارلیمنٹ نے کہا کہ آج ہندوستان دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت ہے، جو ملک کے لیے فخر اور خوشی کی بات ہے۔
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا كہ مجھے یاد نہیں کہ راہل گاندھی آخری بار کب مسکرائے تھے۔ وہ آخری بار 31 جولائی 2025 کو شام 4 بج کر 20 منٹ پر مسکرائے تھے، جب ہندوستان نے کسی ملک کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا تھا۔ کسی نے غصے میں ہندوستان کو ’ڈیڈ اکانومی (مردہ معیشت)‘ کہہ دیا تھا… انہوں نے زور دے کر کہا كہ ہندوستان ڈیڈ اکانومی نہیں بلکہ ڈومینیٹنگ (دبدبہ رکھنے والی) اکانومی ہے۔
ووٹ چوری کے الزامات پر راہل گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے ٹھاکر نے کہا كہ مجھے تو لگتا ہے کہ ان کی پروگرامنگ انکل سیم (امریکی حکومت) اور انکل سوروس (تنازعات میں رہے امریکی سرمایہ کار جارج سوروس) نے کی ہے۔ ان میں انکل سیم کا سم کارڈ اور انکل سوروس کا سم کارڈ لگا ہوا ہے۔ اُدھر سے ٹائپ ہوتا ہے اور اِدھر سے ٹیلی کاسٹ ہو جاتا ہے۔
ٹھاکر نے ہندوستان میں ڈیٹا سینٹرز کے لیے بجٹ میں 20 سال کے ٹیکس میں چھوٹ کی تجویز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی، لیکن راہل گاندھی اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔
انہوں نے ایوان میں حال ہی میں پیش آئے مبینہ واقعے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے الزام لگایا كہ راہل جی کی کانگریس میں خواتین کا کردار یہ بڑھا ہے کہ اپنے خاندان کی رکن کو تو وہیں کھڑا رہنے دیا، جبکہ باقی خواتین کو لمبی قطار بنا کر ویل (ایوان کے وسط) میں بھیج دیا گیا۔ بی جے پی رکنِ پارلیمنٹ نے کہا كہ انہیں ایوان کے قواعد سے نفرت ہے، اسپیکر سے نفرت ہے، ملک کے وزیرِ اعظم سے نفرت ہے اور اب تو ہندوستان سے ہی نفرت ہو گئی ہے۔
ٹھاکر نے آیوشمان ہندوستان اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اروند کیجریوال نے اس کی مخالفت کی تھی اور عوام نے انہیں رخصت کر دیا، اب مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی رخصتی بھی طے ہے۔
انہوں نے ایوان میں ایک چارٹ دکھاتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کی حکومت نے اقلیتوں اور مدارس کو 5,713 کروڑ روپے دیے ہیں، جو خوشامدانہ سیاست کی مثال ہے۔