راہل کے الزامات پر انوراگ کے سوال

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-09-2025
راہل کے الزامات پر انوراگ کے سوال
راہل کے الزامات پر انوراگ کے سوال

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے ووٹ چوری کے الزامات پر بی جے پی نے زوردار پلٹ وار کیا ہے۔ بی جے پی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے سوال اٹھایا کہ کیا کانگریس نے آلانَڈ سیٹ ووٹ چوری کر کے جیتی ہے؟ انوراگ نے کہا کہ راہل گاندھی بار بار الزامات لگاتے ہیں، لیکن ان کے پاس نہ کوئی ثبوت ہوتا ہے اور نہ ہی وہ حلف نامہ دے پاتے ہیں، جس کے باعث انہیں ہر بار عدالت کی پھٹکار سہنی پڑتی ہے۔
انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ راہل گاندھی گھس پیٹھیوں کے ساتھ ہیں، لیکن بی جے پی ان کی اس نیت کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ٹھاکر نے کہا کہ بی جے پی کو جمہوریت پر پورا بھروسہ ہے اور بی جے پی جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہر قدم اٹھائے گی۔ بی جے پی لیڈر نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی آج ہائیڈروجن بم پھوڑنے آئے تھے، لیکن پٹاخہ پھوڑ کر واپس چلے گئے۔
سابق مرکزی وزیر نے اس دوران سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی حکومت پر بھی سوال اٹھائے۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ اندرا گاندھی نے اقتدار کا غلط استعمال کیا تھا، جس کے باعث انہیں منہ کی کھانی پڑی۔
انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ الیکشن در الیکشن ہار اور عوام سے رد کیے جانے والے ایک ایسے لیڈر، جن کی قیادت میں تقریباً 90 انتخابات میں کانگریس پارٹی ہاری، ان کی مایوسی دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے۔ الزامات کی سیاست کو انہوں نے اپنا زیور بنا لیا ہے۔ جب انہی کے لگائے گئے الزامات کو الیکشن کمیشن سے تصدیق کرنے کہا جاتا ہے تو پیٹھ دکھا کر بھاگ جاتے ہیں۔ حلف نامہ دینے کہا جاتا ہے تو انکار کر دیتے ہیں۔ غلط اور بے بنیاد الزام لگانا راہل گاندھی کی عادت بن گئی ہے… الزام لگانے کے بعد معافی مانگنا اور عدالت سے پھٹکار کھانا راہل گاندھی کا معمول بن گیا ہے… ہر معاملے میں ان کو پھٹکار ہی ملی ہے۔ آج کی پریس کانفرنس میں ہائیڈروجن بم پھوڑنے والے تھے لیکن پٹاخے سے کام چلانا پڑا۔
سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے صاف کہا ہے کہ آن لائن کسی بھی ووٹ کو نہیں کاٹا جا سکتا۔ ٹھاکر نے کہا کہ 2023 میں آلانَڈ اسمبلی حلقہ سے نام ہٹانے کی ناکام کوشش کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے خود اس تعلق سے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ ٹھاکر نے کہا کہ الیکشن کمیشن موبائل نمبر اور آئی پی ایڈریس پہلے ہی فراہم کر چکا ہے۔ اس کے بعد کانگریس کے اقتدار والی ریاست کی سی آئی ڈی نے اب تک کیا کیا؟
انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق، آلانَڈ اسمبلی سیٹ کو کانگریس کے امیدوار نے 2023 کے اسمبلی انتخابات میں 10,348 ووٹوں سے جیتا تھا۔ ٹھاکر نے پوچھا تو کیا راہل گاندھی جی، کانگریس نے یہ سیٹ ووٹ چوری کر کے جیتی تھی؟ اس دوران ٹھاکر نے کہا کہ بار بار غلط الزام لگانا اور آئینی اداروں پر انگلی اٹھانا کیا یہ راہل گاندھی کی عادت بن گئی ہے؟
ٹھاکر نے کہا کہ جبکہ ہندوستان کا الیکشن کمیشن بغیر کسی جانبداری کے کام کر رہا ہے، راہل گاندھی جمہوریت کو کمزور کرنے، عوام کو گمراہ کرنے اور ملک کو بنگلہ دیش جیسی صورتحال میں دھکیلنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
راہل گاندھی نے کیا الزام لگائے؟
اس سے پہلے لیڈر آف اپوزیشن راہل گاندھی نے ’ووٹ چوری‘ انکشاف میں الیکشن کمیشن پر بہت سنگین الزامات لگائے۔ انہوں نے اپنے مبینہ ہائیڈروجن بم جیسے دھماکے دار انکشاف میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر گڑبڑ کرنے والوں کو بچانے کا الزام لگایا۔ راہل گاندھی نے کرناٹک کے آلانَڈ اسمبلی حلقہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ’کسی نے‘ 6018 لوگوں کا نام ووٹر لسٹ سے ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کی اور پکڑا گیا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ان کے پاس 101 فیصد ثبوت ہیں کہ ہندوستان کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ووٹ چوروں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ راہل نے کہا کہ یہ ووٹ ایسے لوگوں کے تھے جو کانگریس کو ووٹ دینے جا رہے تھے۔ یہ ووٹ آدیواسیوں کے تھے، غریبوں کے تھے۔ راہل نے کہا کہ آلانَڈ میں ووٹوں کی چوری اتفاق سے ڈیلیٹ نہیں ہوئی تھی۔ اسے ایک بی ایل او نے پکڑا کیونکہ بی ایل او کے رشتہ دار کا ووٹ ڈیلیٹ کر دیا گیا تھا۔ جب اس بی ایل او نے تحقیق کی تو پتا چلا کہ اس کے پڑوسی کے کہنے پر اس کا نام ہٹا دیا گیا تھا، لیکن جب اس پڑوسی سے پوچھا گیا تو اس نے انکار کر دیا۔ اس کے بعد بی ایل او نے مزید جانچ شروع کی تو یہ معاملہ سامنے آیا۔
راہل نے کہا کہ ووٹر لسٹ سے ناموں کو ڈیلیٹ سینٹرلائزڈ طریقے سے کیا گیا اور نام ہٹانے کے لیے انسان نہیں بلکہ سافٹ ویئر کا استعمال کیا گیا۔ راہل نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان سیریل نمبروں کو دیکھئے، ہر جگہ سیریل نمبر ایک ہے، سیریل نمبر ایک۔ سیریل نمبر ایک کا مطلب ہے کہ یہ بوتھ کا پہلا ووٹر ہے۔ ایک سافٹ ویئر بوتھ کے پہلے ووٹر کو چن رہا ہے اور اسے ڈیلیٹ کر رہا ہے۔ یہ سافٹ ویئر سے کیا جا رہا ہے، سافٹ ویئر پروگرام کہہ رہا ہے کہ سیریل نمبر 1 کو نکالو اور اس کی طرف سے ڈیلیٹ کرو۔