جموں وکشمیر میں دہشت گردی مخالف کارروائیاں، متعدد مقامات پر چھاپے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2025
جموں میں دہشت گردی مخالف کارروائیاں، متعدد مقامات پر چھاپے
جموں میں دہشت گردی مخالف کارروائیاں، متعدد مقامات پر چھاپے

 



جموں: جموں و کشمیر پولیس نے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جاری کارروائیوں کو وسعت دیتے ہوئے پاکستان سے سرگرم مقامی دہشت گردوں اور ان کے اوور گراؤنڈ ورکروں (OGWs) کو نشانہ بنایا ہے۔ حکام کے مطابق، یہ کارروائیاں جموں کے مختلف اضلاع میں بیک وقت جاری ہیں۔

کشمیر کے تناظر میں اوور گراؤنڈ ورکرز (OGWs) سے مراد وہ افراد ہیں جو دہشت گردوں کو سامان، پناہ یا دیگر سہولیات فراہم کرتے ہیں اور خفیہ سرگرمیوں میں ان کی مدد کرتے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ رامبن، کٹھوعہ اور راجوری اضلاع میں متعدد مقامات پر وسیع پیمانے پر تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ڈوڈہ ضلع میں دہشت گردی مخالف بڑے آپریشن کے دوران ہفتے کے روز کئی مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا۔ یہ کارروائیاں اس خفیہ اطلاع کے بعد تیز کر دی گئیں کہ اونچائی والے علاقوں میں سرگرم دہشت گرد سردیوں کے لیے میدانی علاقوں میں محفوظ ٹھکانے تلاش کر رہے ہیں۔

پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے امن و امان کو برقرار رکھنے اور سیکورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے اقدامات کو وسعت دی ہے۔ رامبن ضلع کے بنیہال اور گول علاقوں میں بھی کئی جگہوں پر بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی مہم چلائی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، رامبن، ارون گپتا کی نگرانی میں منظم انداز میں انجام دی گئیں۔

ان کا مقصد پاکستان میں سرگرم جموں و کشمیر کے باشندوں کے رشتہ داروں کی مشتبہ سرگرمیوں کا سراغ لگانا، ان کے پس منظر کی جانچ کرنا اور حساس علاقوں کے اردگرد سکیورٹی کو سخت کرنا ہے۔ آپریشن کے دوران پاکستان سے منسلک دہشت گردوں کے رشتہ داروں، معاونین اور OGWs کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔

پولیس ٹیموں نے متعدد مقامات پر گہرائی سے تفتیش کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کہیں کوئی ملک دشمن یا غیر قانونی سرگرمی تو انجام نہیں دی جا رہی۔ ترجمان نے بتایا کہ پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی (خصوصی آپریشن گروپ) کے مشترکہ دستوں نے ڈیوٹی مجسٹریٹ کی موجودگی میں مختلف حساس علاقوں میں کارروائیاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن منظم انداز میں اور عوام کو کسی قسم کی تکلیف پہنچائے بغیر انجام دیے گئے۔ پولیس کے مطابق، اس طرح کی کارروائیاں علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری پیشگی اور خفیہ معلومات پر مبنی اقدامات کا حصہ ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پولیس ہر ملک دشمن نیٹ ورک کو بے اثر کرنے اور تمام شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور اپنے علاقوں میں کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کے بارے میں اطلاع دیں۔ پولیس نے یقین دلایا کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔ حکام کے مطابق، کٹھوعہ اور راجوری اضلاع میں بھی اسی نوعیت کی تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔