دہشت گردوں کے خلاف مہم کسی کے مداخلت کی وجہ سے نہیں رکی: راج ناتھ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-09-2025
دہشت گردوں کے خلاف مہم کسی کے مداخلت کی وجہ سے نہیں رکی: راج ناتھ
دہشت گردوں کے خلاف مہم کسی کے مداخلت کی وجہ سے نہیں رکی: راج ناتھ

 



حیدرآباد: وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کے روز امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ ’آپریشن سندور‘ کے بعد ہند-پاکستان تنازع کو روکنے کے لیے انہوں نے مداخلت کی تھی۔ سنگھ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کسی تیسرے فریق کی ثالثی کی وجہ سے معطل نہیں کی گئی۔

وزیرِ دفاع نے یہاں ’حیدرآباد مکتی دیوس‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ کوئی دہشت گردانہ حملہ ہوا تو ’آپریشن سندور‘ دوبارہ شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا، ’’کچھ لوگ پوچھ رہے ہیں کہ کیا ہند-پاکستان کے درمیان جنگ بندی کسی کی مداخلت کی وجہ سے ہوئی؟ میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ دہشت گردوں کے خلاف مہم کسی کی مداخلت کی وجہ سے نہیں رکی تھی۔‘‘

راج ناتھ نے کہا، ’’کچھ لوگ ہند-پاکستان تنازع کو روکنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ کسی نے ایسا نہیں کیا۔ میں صاف طور پر کہنا چاہوں گا کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بھی واضح کیا تھا کہ ہندوستان نے اس معاملے میں تیسرے فریق کا کردار مسترد کر دیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے صاف کر دیا ہے کہ یہ ایک دو طرفہ مسئلہ ہے اور کوئی تیسرا فریق اس میں مداخلت نہیں کر سکتا۔