آگرہ (اترپردیش) پولیس کے مطابق، تاج محل کے گرد سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک جدید اینٹی ڈرون سسٹم نصب کر دیا گیا ہے۔ایسسٹنٹ کمشنر پولیس (تاج سیکیورٹی) سید عارب احمد نے بتایا کہ یہ سسٹم تاج محل کے احاطے میں نصب کیا گیا ہے اور یہ کسی بھی ڈرون کو جو ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہو، ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یادگار کے اردگرد 500 میٹر کے دائرے میں مکمل نگرانی کی جائے گی، اور اس دائرے میں کوئی بھی ڈرون آتے ہی فوری طور پر غیر مؤثر کر دیا جائے گا۔
سید عارب احمد نے کہاکہیہ سسٹم آٹھ کلومیٹر کے دائرے میں ڈرونز کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، لیکن تاج محل کی سیکیورٹی کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ابتدائی طور پر نگرانی 500 میٹر تک محدود رکھی گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ سسٹم ریڈیو فریکوئنسی اور جی پی ایس سگنل جامنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتا ہے تاکہ ڈرونز کو کنٹرول سے باہر کیا جا سکے۔ ڈرون کو گرانے کے بعد، ایک ریپڈ ریسپانس ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر آلہ کو تحویل میں لے گی اور ڈرون چلانے والے شخص کا سراغ لگایا جائے گا۔
اتر پردیش پولیس اُن چند ریاستی فورسز میں شامل ہے جو وی آئی پی شخصیات اور اہم تنصیبات کی حفاظت کے لیے اینٹی ڈرون سسٹم کا استعمال کرتی ہیں۔حال ہی میں یہ جدید سیکیورٹی سسٹم پریاگ راج میں مہا کمبھ کے دوران استعمال کیا گیا، اور اس سے پہلے جنوری 2024 میں ایودھیا میں رام مندر میں رام للا کی پران پرتشٹھا تقریب کے موقع پر بھی اس کا استعمال کیا گیا تھا۔