نئی دہلی: پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی میں ایک بار پھر بڑی کوتاہی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایک شخص صبح تقریباً 6:30 بجے درخت کے سہارے دیوار پھلانگ کر پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر گھس آیا۔ یہ شخص ریلوے بھون کی طرف سے دیوار پھلانگ کر نئی پارلیمنٹ ہاؤس کے "گرُڑ دوار" تک پہنچ گیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے ملزم کو فوراً پکڑ لیا اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، دہلی پولیس کے ایک افسر نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ اگست 2024 میں بھی ملک کی نئی پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی میں کوتاہی کا واقعہ پیش آیا تھا۔
ریڈ کراس روڈ کی طرف سے ایک نوجوان دیوار پھلانگ کر پارلیمنٹ کے احاطے میں کود گیا تھا۔ تاہم، پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے سے پہلے ہی وہاں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ اس نوجوان کا نام امتیاز علی ہے اور وہ ذہنی طور پر کمزور ہے۔ دہلی پولیس، خفیہ ایجنسیاں اور ملک کی دیگر سیکیورٹی ایجنسیاں اس نوجوان سے مشترکہ تفتیش کر رہی تھیں۔
اس واقعے کے بعد دہلی پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیوں میں کھلبلی مچ گئی تھی۔ دسمبر 2023 میں بھی پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی میں بڑی چوک سامنے آئی تھی۔ سیکیورٹی حصار توڑ کر دو مشتبہ افراد لوک سبھا کی وزیٹر گیلری سے چھلانگ لگا کر نیچے آ گئے تھے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پارلیمنٹ کی کارروائی جاری تھی۔
دونوں افراد بینچ پر چڑھ کر چھلانگیں لگانے لگے، جس سے وہاں افراتفری پھیل گئی۔ فوراً سیکیورٹی اہلکار دوڑے اور دونوں مشتبہ افراد کو قابو میں کر لیا۔ ارکانِ پارلیمنٹ نے بھی دونوں کو گھیر لیا۔ لوک سبھا میں تعینات سیکیورٹی مارشلز نے بھی فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو قابو میں کیا۔