انڈمان کے قبائلی وفد نے راہل گاندھی سے ملاقات کی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 20-03-2026
انڈمان کے قبائلی وفد نے راہل گاندھی سے ملاقات کی
انڈمان کے قبائلی وفد نے راہل گاندھی سے ملاقات کی

 



شری وجے پورم: انڈمان و نکوبار جزائر کے ایک قبائلی وفد نے کانگریس رہنما راہل گاندھی سے ملاقات کی اور مجوزہ گریٹ نکوبار انفراسٹرکچر پروجیکٹ پر تشویش ظاہر کی۔ کانگریس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ وفد نے جمعرات کو نئی دہلی میں گاندھی سے ملاقات کی، جس کے دوران وفد نے گریٹ نکوبار جزائر کے نازک ماحولیاتی نظام اور وہاں کے مقامی قبائلی برادریوں پر اس منصوبے کے ممکنہ منفی اثرات کے بارے میں خدشات ظاہر کیے۔

وفد نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی ضروری ہے، لیکن یہ ماحولیاتی نقصان یا قبائلی آبادی کی بے دخلی اور انہیں حاشیے پر دھکیلنے کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔ اراکین نے ایک متوازن اور پائیدار نقطۂ نظر اپنانے کا مطالبہ کیا جو ماحولیات کے تحفظ کو ترجیح دے اور مقامی برادریوں کے روایتی حقوق اور روزگار کا تحفظ کرے۔

وفد میں ضلع نکوبار کی قبائلی کونسل کے اراکین شامل تھے، جبکہ آل انڈیا آدیواسی کانگریس کے قومی صدر ڈاکٹر وکرانت بھوریا بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ وفد میں شامل ایک رہنما نے کہا، “لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف نے وفد کی بات صبر سے سنی اور اٹھائے گئے مسائل کی سنگینی کو سمجھا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان خدشات کو مناسب فورمز پر اٹھایا جائے گا۔” انہوں نے مزید بتایا کہ راہل گاندھی نے انڈمان و نکوبار جزائر کا دورہ کرنے اور وہاں کے لوگوں سے براہِ راست بات چیت کرکے زمینی حقیقت کو بہتر طور پر سمجھنے کی بھی بات کی۔