مودی کابینہ میں توسیع پر آج ہوگی ایک اہم میٹنگ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-07-2021
فائل فوٹو
فائل فوٹو

 

 

آواز دی وائس: نئی دہلی

آج وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ پر ایک اہم میٹنگ ہوگی جس میں مرکزی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ ہوگا۔اس توسیع کے بارے میں پچھلے کئی دنوں سے سرگوشیاں چل رہی تھیں۔ اس میٹنگ میں یہ فیصلہ ہوگا کہ کتنے نئے چہرے کابینہ میں شامل ہونگے۔کس کی وازارتوں کو تبدیل کیا جائے گا۔

آج دہلی میں زبردست ہلچل رہے گی۔ سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیوں اور اندازوں کا زور ہے۔سب کی نظریں آج ہونے والی میٹنگ کی جانب ہیں۔جس میں کچھ چونکانے والے فیصلہ ہوسکتے ہیں۔

مودی کابینہ کی توسیع میں این ڈی اے کی اتحادی جماعت جنتادل یونائیٹڈ اور لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے رہنماؤں کو بھی جگہ دی جاسکتی ہے۔وزیر اعظم مودی کابینہ میں توسیع کے سلسلے میں کئی بار قومی صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر سینیئر وزراء سے تبادلہ خیال کر چکے ہیں۔

آسام کے سابق وزیر اعلیٰ سربانند سونووال اور کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے جیوتی رادتیہ سندھیا کو مودی کابینہ میں جگہ مل سکتی ہے۔

 سیاسی حلقو ں میں الگ الگ اندازے لگائے جارہے ہیں ۔ایک اندازہ یہ بھی ہے کہ بہار کے سابق ڈپٹی سی ایم سشیل کمار مودی، ورون گاندھی، پروین نشاد، راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ اور سنتوش کشواہا کے ساتھ ساتھ انوپریہ پٹیل کو بھی کابینہ میں جگہ دی جاسکتی ہے۔

یہی نہیں اس کے ساتھ ایک نام اور ہے جو لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے پشوپتی پارس کو بھی مودی کابینہ میں جگہ دی جاسکتی ہے۔

 دلچسپ بات تو یہ ہے کہ سیاسی حلقوں کا ماننا ہے کہ بنگال کے کچھ چہروں کو بھی کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔جہاں اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو کامیابی نہیں ملی تھی اور ممتا بنرجی کی حکومت بر قرار رہی تھی۔