اے ایم یو: ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے منایا گیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 9 Months ago
 اے ایم یو: ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے منایا گیا
اے ایم یو: ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے منایا گیا

 

علی گڑھ، 8 جون: ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے پوسٹ ہارویسٹ انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی شعبہ کی طرف سے منعقدہ ایک پروگرام میں غذا سے ہونے والی بیماریوں کی روک تھام اور ان کا پتہ لگانے کے بارے میں گفتگو کی گئی اور اس سال کے تھیم ”غذا کا معیار زندگیاں بچاتا ہے“ کی اہمیت واضح کی گئی۔

               مہمان خصوصی مسٹر سرویش مشرا، اسسٹنٹ کمشنر-II (فوڈ)، فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن، علی گڑھ نے غذائی اجناس و اشیاء کے معائنہ، حفاظت، تربیت اور عوامی بیداری کو یقینی بنانے میں حکومت کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پائیدار غذائی نظام کی ضرورت پر زور دیا اور فوڈ سیفٹی کے لیے ایک مربوط نقطہ نظر کی اہمیت بیان کی۔

               مہمان اعزازی مسٹر سید عباد اللہ، سینئر فوڈ سیفٹی آفیسر، ایف ڈی اے کلکٹریٹ نے فوڈ سیفٹی کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور بازار میں ملنے والے دودھ کی مثال دیتے ہوئے  غذا میں چربی کی ضرورت اور سالڈ نان فیٹ (ایس این ایف) کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو واضح کیا۔ انھوں نے معیار کو برقرار رکھنے میں ان چیلنجوں کا بھی اعتراف کیا جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

               صدر شعبہ ڈاکٹر زیڈ آر اے اے آزاد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی کا عالمی دن غذا کے معیارات کی پابندی کو یقینی بنانے اور صارفین کے لئے بہتر صحت کو فروغ دینے کے لئے بیداری پیدا کرنے میں معاون ہے۔

               فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز کے ڈین پروفیسر رئیس احمد نے اس حقیقت کی طرف توجہ مبذول کرائی کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد غذا و خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا شکار ہیں جن سے اموات بھی ہوتی ہیں۔

               ڈاکٹر رئیس الاسلام نے کہاکہ صحت عامہ کے لیے اجتماعی کارروائی کی فوری ضرورت ہے۔ انھوں نے غذا کے معیار سے سمجھوتہ کرنے پر ممکنہ خطرات سے بھی آگاہ کیا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر نازیہ تبسم نے کی، جب کہ سعدیہ فردوس نے شکریہ کی کلمات ادا کیے۔