اے ایم یو : عالمی انٹریپرینیئرس ڈے پر ورکشاپ کا اہتمام

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2025
اے ایم یو : عالمی انٹریپرینیئرس ڈے پر ورکشاپ کا اہتمام
اے ایم یو : عالمی انٹریپرینیئرس ڈے پر ورکشاپ کا اہتمام

 



علی گڑھ،: عالمی یومِ انٹریپرینیئرس پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے جے این میڈیکل کالج آڈیٹوریم میں ”انٹریپرینیئرشپ بیداری ورکشاپ“ منعقد کی جس کا مقصد طلبہ کو تخلیقی خیالات کو مؤثر کاروباری منصوبوں میں تبدیل کرنے کی ترغیب دینا اور انٹریپرینیئرشپ کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرنا تھا۔ ورکشاپ کی سرپرست اعلیٰ وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون تھیں۔
  مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ایم مبارک حسین، سابق پروفیسر، فیکلٹی آف میڈیسن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انٹریپرینیئرشپ دراصل حقیقی مسائل کو اختراعی، اخلاقی اور شمولیتی طریقے سے حل کرنے کا نام ہے۔ مہمان اعزازی پروفیسر آفتاب عالم، ڈین، فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ناکامی کو کامیابی کی طرف ایک قدم سمجھیں اور یاد رکھیں کہ انٹریپرینیئرشپ مواقع پیدا کرنے والے ہوتے ہیں۔
    کلیدی مقرر جناب سشیل کمار اگروال، چیئرمین، اے وی آر او انڈیا لمیٹیڈنے وی یو سی اے (یعنی عدم استحکام، غیر یقینیت، پیچیدگی اور ابہام) کے تصور پر روشنی ڈالتے ہوئے نظم و ضبط، یکسوئی اور چار رہنما اصولوں:خیال رکھنا (کیئر)، بانٹنا (شیئر)، ایمانداری (فیئر)، اور جرأت مندی (ڈیئر) کا تفصیل سے ذکر کیا اور طلبہ کو مثبت عادات اپنانے کی تلقین کی۔
  دہلی اسکل اینڈ انٹرپرینیورشپ یونیورسٹی میں شعبہ بینکنگ، فنانشیئل سروسیز و انشورینس کی سربراہ ڈاکٹر لتا رانی نے مختلف سرکاری اسکیموں پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے خواتین کو بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور پر سیر حاصل گفتگو کی۔
  آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر آصف علی سید نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ مستقبل خواب دیکھنے والوں اور عمل کرنے والوں کا ہے۔ شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی چیئرپرسن پروفیسر سلمیٰ احمد نے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ انھوں نے بتایا کہ مینجمنٹ، انجینئرنگ، کامرس، آرٹس، لاء، یونانی طب اور سوشیالوجی کے تقریباً 200 طلباء نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ پروفیسر ولید احمد انصاری نے انٹریپرینیئرشپ کو ملک کے استحکام کا ذریعہ قرار دیا، جبکہ پروفیسر فضا تبسم اعظمی نے کامیابی کے لیے ثابت قدمی کو کلیدی عنصر قرار دیا۔ افتتاحی تقریب کی نظامت ثانیہ خان نے کی جبکہ رشدہ کلیم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
 ایم بی اے کے طلبہ اور ریسرچ اسکالرز محمد خویب، طوبیٰ بلگرامی، سمت تومر، یشاب کفیل، اور محمد عرفان خان نے ورکشاپ کے انتظام میں فعال کردار ادا کیا۔ آخر میں ایک اسسمنٹ ٹیسٹ کے ذریعہ طلبہ کے اندر انٹریپرینیئرشپ کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔